وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی اپنے کویتی ہم منصب سے ملاقات،

دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار پاکستان کویت کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی ترجیح دیتا ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

منگل 25 ستمبر 2018 12:14

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی اپنے کویتی ہم منصب سے ملاقات،
اقوام متحدہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2018ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی اپنے کویتی ہم منصب سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہارکیا گیا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی کویت کے وزیر خارجہ اور نائب وزیراعظم شیخ صباح خالد الحمد الصباح سے یہ ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 73 ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی۔

ملاقات کے بعد جاری اعلامیہ میں دونوں ملکوںکے تعلقات کو مثالی قرار دیا گیا ہے۔کویتی وزیر خارجہ نے اس بات پر زوردیا کہ دونوں ملکوںکے درمیان سیاسی اوراقتصادی میدانوں میں تعاون کے لئے موجود میکنزم تعلقات کو مثبت سمت میں آگے بڑھانے کیلئے مضبوط ادارہ جاتی بنیاد فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہارکیا اورکہا کہ خاص طور پر توانائی کے شعبہ میں دونوںملکوں کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی ترجیح دیتا ہے، باہمی دلچسپی کے امور پرمشترکہ موقف خاص طور پر علاقائی امن و سلامتی کے حوالے سے یکساں نظریات دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کا اہم پہلو ہیں۔ پاکستانی وزیر خارجہ نے اس موقع پر کویتی ہم منصب کی توجہ پاکستان میں زراعت سے وابستہ صنعتوں، ماہی گیری اورخام تیل کی تلاش سمیت متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کی طرف مبذول کرائی اورکہا کہ ویزہ کے حوالے سے سہولتوں میں اضافہ باہمی تعاون کو بڑھا سکتا ہے۔

کویتی وزیر خارجہ نے اس موقع پر اپنے پاکستانی ہم منصب کو جلد از جلد کویت کے دورہ کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔ دونوں رہنمائوں نے اس اعتماد کااظہارکیا کہ اس طرح کے اعلیٰ سطح کے دوروں سے دونوں ملکوں کے درمیان مثالی باہمی تعلقات پر پیشرفت کو تیز کرنے میں مدد ملے گی۔