Live Updates

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی امریکی رکن کانگرس اور ایوان نمائندگان کی خارجہ امور اور مسلح افواج بارے کمیٹیوں کے رکن جوئے ولسن سے ملاقات

منگل 25 ستمبر 2018 13:40

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی امریکی رکن کانگرس اور ایوان نمائندگان ..
نیویارک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2018ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی رکن کانگرس اور ایوان نمائندگان کی خارجہ امور اور مسلح افواج بارے کمیٹیوں کے رکن جوئے ولسن سے ملاقات کی۔ انہوں نے اس موقع پر پاکستان کی طرف سے باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی وسیع البنیاد تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ نے دہشت گردی سے مقابلے کے حوالے سے پاکستان کی استعداد میں اضافے کے لئے امریکی کانگرس کی معاونت کو سراہا اور کہا کہ پاکستان نے قیمتی انسانی جانوں اور وسائل کی قربانی دے کر دہشت گردی کے خلاف جنگ کا پانسہ پلٹ دیا ہے۔

ملاقات کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق وزیر خارجہ نے اس موقع جوئے ولسن کو وزیر اعظم عمران خان کے پرامن ہمسائیگی کے وژن سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ یہ موجودہ حکومت کے نمایاں ترین سماجی و اقتصادی منصوبوں کی کامیابی کے لئے ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے داخلی اورخارجہ پالیسی ترجیحات کی بھی وضاحت کی۔ انہوں نے کہاکہ عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی میں نوجوان پاکستانیوں نے اہم کردار ادا کیا ہے اس لئے حکومت کے وسیع ترقیاتی ایجنڈا میں نوجوانوں کو تعلیم، ملازمتوں اور مواقع کی فراہمی پر زیادہ توجہ دی گئی ہے۔

جوئے ولسن نے اس موقع پر وزیر خارجہ کو پاکستان کے عام انتخابات میں ان کی جماعت کی کامیابی پر مبارک باد دی۔ انہوں نے خطے میں مشترکہ مقاصد کے حصول کے لئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ امریکی کانگرس کے ایوان زیریں ایوان نمائندگان کے رکن جوئے ولسن کا تعلق ریاست سائوتھ کیرولائنا سے ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات