Live Updates

نیویارک میں وزیر خارجہ کی عالمی بینک کے صدر جم یونگ کم سے ملاقات

پاکستان نے ورلڈ بینک سے ایک بار پھر پاک بھارت پانی تنازعہ حل کرانے کی درخواست کردی تہران، استنبول راہداری اور پاک،ایران،ترکمانستان ریلوے منصوبے کو بھی فعال بنائیں گے ،ْوزیر خارجہ شاہ محمود قریشی خطے میں مشترکہ اہداف کے حصول کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ،ْامریکی حکام کی ملاقات میں بات چیت

منگل 25 ستمبر 2018 13:59

نیویارک میں وزیر خارجہ کی عالمی بینک کے صدر جم یونگ کم سے ملاقات
نیو یارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) پاکستان نے ورلڈ بینک سے ایک بار پھر پاک بھارت پانی تنازعہ حل کرانے کی درخواست کردی۔نیویارک میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عالمی بینک کے صدر جم یونگ کم سے ملاقات کی، اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے صدر عالمی بینک کو بتایا کہ پاکستان اور بھارت سندھ طاس معاہدے کے تحت پانی کا مسئلہ حل کرنے میں ناکام رہے ہیں اس لیے پاکستان چاہتا ہے کہ ورلڈ بینک ثالثی کا کردار ادا کرے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان ایکو ممالک سے بہتر تعلقات رکھتا ہے، کچھ ایکو ممالک میں توانائی کا بحران ہے جبکہ بعض کے پاس وافر ذخائر ہیں، خطے میں توانائی کے روابط پاکستان کی ترجیح ہے، سی پیک خطے کے ممالک میں روابط کا بہترین منصوبہ ہے، ہم ہمسائیوں سے تجارتی مقاصد کیلئے ریل اور بنیادی ڈھانچہ بہتر کررہے ہیں،ہم تہران، استنبول راہداری اور پاک،ایران،ترکمانستان ریلوے منصوبے کو بھی فعال بنائیں گے۔

(جاری ہے)

شاہ محمود نے امریکی ایوان نمائندگان ’کانگریس‘ کی امور خارجہ اور آرمڈ سروسز کمیٹیوں کے رکن جوئے ولسن سے بھی ملاقات کی، اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت کی ترجیح نوجوانوں کو تعلیم اور ملازمتوں کے مواقع کی فراہمی ہے کیونکہ تحریک انصاف کی انتخابات میں کامیابی میں نوجوانوں نے اہم کردارادا کیا، پاکستان امریکا کے ساتھ باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی وسیع البنیاد تعلقات چاہتا ہے۔

جوئے ولسن نے کہا کہ خطے میں مشترکہ اہداف کے حصول کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔علاوہ ازیں ایک انٹرویو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے میں پانی کا مسئلہ بہت گھمبیر ہوتا جارہا ہے اور پاکستان اس سے بری طرح متاثر ہوگا، عالمی بینک کے صدر نے یقین دلایا ہے کہ اس سلسلے میں ایک اور کوشش کی جائے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات