مقبوضہ کشمیر، مسلم لیگ کا جموں و کشمیر کا بانڈی پورہ اور ترال میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو خراج عقیدت

منگل 25 ستمبر 2018 14:06

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میںجموںوکشمیر مسلم لیگ نے بانڈی پورہ اورترال میں محاصروں اورتلاشی کارروائیوںکے دوران بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مسلم لیگ کے ترجمان سجاد ایوبی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ نوجوانوں کی طرف سے پیش کی جانے والی قربانیاں تحریک آزادی کشمیر کا انمول اثاثہ ہے۔

انہوں نے کہا نوجوانوں کی شہادت سے دنیا کو یہ پیغام جاتا ہے کہ کشمیری عوام بھارت کی طرف سے ہر قسم کے مظالم کے باوجود اپنے نصب العین سے کسی صورت دستبردار نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز آپریشنز کے دوران کیمیائی ہتھیار استعمال کررہی ہیںجس سے شہید ہونے والے نوجوانوں کی میتین جھلس جاتی ہیں اور ان کی شناخت ممکن نہیں ہوپاتی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہاکہ کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال اور مکانوں کو تباہ کرنا انسانیت کے خلاف جرم ہے اور بھارتی فورسز نے تمام حدیں پار کرلی ہیں۔ دریں اثناء جموں کی کوٹ بھلوال جیل میں غیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنما غلام محمد خان سوپوری کی صحت طبی سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے دن بدن بگڑتی جارہی ہے۔ حریت رہنمائوں نے ان کی بگڑتی ہوئی صحت پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔