خانہ کعبہ کو آب زم زم اور عرق گلاب سے غسل دے دیا گیا

منگل 25 ستمبر 2018 14:40

خانہ کعبہ کو آب زم زم اور عرق گلاب سے غسل دے دیا گیا
مکة المکرمہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2018ء) نئے ہجری سال محرم الحرام کے استقبال کے سلسلے میں خانہ کعبہ کو آب زم زم اور عرق گلاب سے غسل دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق نئے ہجری سال کے استقبال کے سلسلے میں بیت اللہ شریف کو ہر سال 15 محرم الحرام کو غسل دیا جاتا ہے، خانہ کعبہ کو نئے ہجری سال کے استقبال کے سلسلے میں منگل کی صبح نماز فجر کے بعد تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل اور مشیر خادم الحرمین شریفین ہیں۔

اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے، غسل کعبہ کے بعد انہوں نے حجرہ اسود کو بوسہ دیا اور خانہ کعبہ کا طواف کیا۔ غسل کعبہ کی تقریب میں پاکستان کی جانب سے خان شان بن صدیق نے نمائندگی کی۔ تقریب میں علماء و مشائخ کے علاوہ مقامی شہزادے اور شاہی خاندان کے افراد اور مقامی انتظامیہ کے اہلکار شریک ہوئے اور طواف کیا۔

(جاری ہے)

غسل کعبہ ہر سال نئے ہجری سال کے استقبال پر دیا جاتا ہے۔

یہ سلسلہ فجر کی نماز کے بعد شروع ہوتا ہے جس میں اہل عرب کے مندوبین کو موقع دیا جاتا ہے اور سب سے آخر میں گورنر مکہ آتے ہیں جو رسم ادا کرنے کے بعد حجرہ اسود کو بوسہ دیتے ہیں جس کے بعد طواف اور نوافل ادا کرتے ہیں جس کے بعد یہ مرحلہ اختتام کو پہنچتا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال ناگزیر وجوہات کی بناء پر یہ رسم ادا نہیں کی جا سکی تھی۔ یاد رہے کہ خانہ کعبہ کو ہر سال روایت کے مطابق 15 محرم الحرام اور یکم شعبان کو غسل دیا جاتا ہے۔

گذشتہ سال محرم میں بعض ناگزیر وجوہات کی بناء پر یہ رسم ادا نہیں کی گئی تھی۔ عرق گلاب اور آپ زم زم ملے پانی سے کعبہ شریف کو اس کی اندرونی دیواروں تک غسل دیا جاتا ہے،کعبہ کے فرش اور دیواروں کو کھجوروں کے پتوں سے دھونے کے بعد جس کے بعد سفید ململ اور ٹشو پیپرز سے اسے خشک کیا جاتا ہے اور پھر ان پر عود، لوبان اور گلاب کا عطر ملا جاتا ہے۔