بشار حکومت نے سیکڑوں دہشت گردوں کو اِدلب منتقل کر دیا ہے ،شامی مبصر تنظیم

24گھنٹے کے اندر 400سے زیادہ عناصر کو عراقی سرحد کے نزدیک واقع علاقے البوکمال سے ادلب منتقل کیاگیا،بیان

منگل 25 ستمبر 2018 15:01

بشار حکومت نے سیکڑوں دہشت گردوں کو اِدلب منتقل کر دیا ہے ،شامی مبصر ..
بیروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) شام میں انسانی حقوق کے نگراں گروپ المرصد نے بتایا ہے کہ شامی حکومت نے مشرقی صوبے دیر الزور سے سیکڑوں دہشت گردوں کو شمال مغرب میں اِدلب صوبے منتقل کیا۔ اِدلب ملک میں اپوزیشن گروپوں اور شدت پسندوں کا آخری گڑھ ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق المرصد نے بتایاکہ شامی حکومت اور ایرانی فورسز نے داعش تنظیم کے 400 سے زیادہ عناصر کو شام عراق کی سرحد کے نزدیک واقع علاقے البوکمال سے منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔

اس کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر ان کی البوکمال سے ادلب صوبے کے مشرقی دیہی علاقے میں منتقلی عمل میں آئی۔ادلب صوبہ شامی اپوزیشن گروپوں اور دہشت گردوں کا آخری مرکزی گڑھ ہے اور شامی حکومت اس کا کنٹرول واپس لینے کے لیے کوشاں ہے۔

(جاری ہے)

ماسکو اور انقرہ ادلب صوبے میں شامی حکومت کی فورسز اور اپوزیشن گروپوں کے درمیان ایک غیر فوجی علاقہ قائم کرنے پر متفق ہو چکے ہیں۔

اس کا مقصد علاقے کو کسی بھی فوجی حملے سے بچانا ہے۔ شامی فوج کئی ہفتوں سے ادلب پر عسکری چڑھائی کے لیے تیاری کر رہی ہے جب کہ اقوام متحدہ کو اندیشہ ہے کہ اس کا نتیجہ انسانی المیے کی صورت میں سامنے آئے گا۔ادلب صوبے کے زیادہ تر علاقوں پر ہیئی تحریر الشام تنظیم (سابقہ النصرہ فرنٹ) کا کنٹرول ہے۔ بقیہ علاقوں میں دیگر گروپ پائے جاتے ہیں جن میں نمایاں ترین نام حرکی احرار الشام کا ہے۔

رواں سال کے آغاز پر شامی فورسز نے ادلب صوبے کے اطراف بعض علاقوں پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔ادلب صوبے اور اس کے پڑوس کے بعض علاقوں میں اس وقت مجموعی طور پر تیس لاکھ کے قریب افراد رہ رہے ہیں۔ ان میں آدھے لوگ ملک کے دیگر علاقوں سے نقل مکانی کر کے آئے ہیں جن میں ایک بڑی تعداد اٴْن جنگجوؤں کی ہے جنہوں نے ہتھیار ڈالنے سے انکار کر دیا تھا۔