شمالی کوریا جوہری ہتھیار تلف کرنے پر سنجیدہ لگتا ہے،سی آئی اے ڈائریکٹر

کم جونگ ان شمالی کوریا کے عوام کی معاشی مشکلات کا ادراک رکھتے ہیں،یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب

منگل 25 ستمبر 2018 15:02

شمالی کوریا جوہری ہتھیار تلف کرنے پر سنجیدہ لگتا ہے،سی آئی اے ڈائریکٹر
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) امریکہ کے خفیہ ادارے سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی ای) نے کہا ہے کہ اسے ایسے اشارے ملے ہیں جن سے لگتا ہے کہ شمالی کوریا اپنے جوہری ہتھیار تلف کرنے پر واقعی آمادہ ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ریاست کینٹکی کی ایک یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے سی آئی اے کی ڈائریکٹر جینا ہیسپل نے کہا کہ اس بات کے شواہد ملے ہیں کہ کم جونگ ان شمالی کوریا کے عوام کی معاشی مشکلات کا ادراک رکھتے ہیں اور صورتِ حال میں بہتری کے لیے اقدامات کرنے کے خواہاں ہیں۔

اپنے خطاب میں جینا ہیسپل نے امریکہ کے اس دیرینہ موقف کو دہرایا کہ شمالی کوریا کی کمیونسٹ حکومت اپنے ملک کی جوہری صلاحیت کو اپنے اقتدار کے لیے ضروری خیال کرتی ہے اور اسے اپنے حق میں ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرتی آئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیانگ یانگ حکومت کو اس بارے میں اپنا موقف تبدیل کرنے پر آمادہ کرنا ایک مشکل کام ہوگا کیوں کہ ان کے بقول اس نے یہ ہتھیار برسوں کی محنت سے تیار کیے ہیں اور وہ اتنی آسانی سے انہیں ترک کرنے پر راضی نہیں ہوگی۔لیکن سی آئی اے سربراہ کے بقول امریکہ اب شمالی کوریا کو اس بارے میں قائل کرنے کی کہیں بہتر پوزیشن پر ہے جس کی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ ان کے درمیان براہِ راست رابطوں اور تعلق کا استوار ہونا ہے۔