دھمکیوں کے سائے میں امریکی ٹیکس کے حوالے سے مذاکرات ممکن نہیں، چین

امریکا نے بڑے پیمانے پر نئی تجارتی پابندیوں کا راستہ اپنا لیا ہے۔ ایسے میں مذاکرات کس طرح کیے جا سکتے ،نائب وزیرتجارت

منگل 25 ستمبر 2018 15:10

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) چین نے کہاہے کہ ایسے میں جب کہ اس کی گردن پر تلوار لٹک رہی ہے امریکا کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنا ممکن نہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق چین کے نائب وزیر تجارت وانگ شوئن نے منگل کے روز ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ امریکا نے بڑے پیمانے پر نئی تجارتی پابندیوں کا راستہ اپنا لیا ہے۔

(جاری ہے)

ایسے میں مذاکرات کس طرح کیے جا سکتے ہیں جب کہ ہماری گردن پر اس طرح تلوار لٹک رہی ہو اس دٴْہرے پن کے ماحول میں مذاکرات اور مشاورت ہر گز نہیں ہو گی۔

امریکا میں چین سے درآمد کی جانے والی 200 ارب ڈالر کی اشیاء پر 10% ٹیکس لاگو ہو گیا ہے۔ اس کے نتیجے میں عالمی نمو کے لیے خطرات میں اضافہ ہو گا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے اس ٹیکس کو پیر کے روز عائد کیا۔ توقع ہے کہ چین فوری جواب کے طور پر امریکا سے ہر سال درآمد کی جانے والی 60 ارب ڈالر کی مصنوعات پر 5 یا 10% ٹیکس عائد کر دے گا۔دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان تجارتی جنگ شدّت اختیار کرتی جا رہی ہے۔