پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے‘ بھارتی حکومت کے اس وقت پاکستان کے خلاف بیانات دینے کا مقصد اپنے آپ کو بچانا ہے‘ پارلیمانی سیکرٹری پلاننگ ڈویلپمنٹ کنول شوزب

منگل 25 ستمبر 2018 15:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2018ء) پارلیمانی سیکرٹری پلاننگ ڈویلپمنٹ کنول شوزب نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے‘ بھارتی حکومت کے اس وقت پاکستان کے خلاف بیانات دینے کا مقصد اپنے آپ کو بچانا ہے‘ بھارتی وزیراعظم مودی کرپشن سکینڈل میں بری طرح پھنس گئے ہیں۔

(جاری ہے)

منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی دھمکیوں میں حقیقت نہیں وہاں الیکشن آرہے ہیں جبکہ حکمران جماعت کے وزیراعظم کا کرپشن سکینڈل ایسے موقع پر سامنے آیا اس کا رخ موڑنے کے لئے پاکستان کے خلاف بیانات اور منفی پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے‘ ہماری امن کی کوشش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ مودی سرکار کرپشن چھپانے کے لئے اس طرح کے بیانات دے رہے ہیں۔ کنول شوزب نے کہا کہ اپوزیشن میں جس طرح کے تجربہ کار لیڈر بیٹھے ہیں ان کے تجربوں کی بدولت ملکی معیشت اتنی خراب ہوئی کے 28 ہزار ارب کے قرضے چھوڑ کر گئی ہے جبکہ 180 ارب کے گردشی قرضے چھوڑے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ کا اثر عوام پر نہیں پڑے گا۔ کم آمدنی والے لوگ ایل پی جی پر گزارہ کر رہے ہیں۔