Live Updates

نیکٹا کو ایک فعال اور جدید ادارہ بنانے کے لئے نئے زمینی حقائق اس کے کردار کے ازسرنو جائزہ کے متقاضی ہیں،

نیکٹا کے کردار اور امور کار کا جائزہ لینے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو ایک ہفتہ میں اپنی سفارشات پیش کرے گی، گزشتہ حکومت کی غفلت کے نتیجہ میں ایک اہم ادارے کے امور کار کو بہتر بنانے پر توجہ کا فقدان رہا، وزیراعظم عمران خان کا نیشنل کائونٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کے بورڈ آف گورنرز کے پہلے اجلاس کے دوران اظہار اجلاس کو دہشت گردی اور پرتشدد انتہاپسندی کے انسدادکے لئے پالیسی سازی اور قومی حکمت عملی پر عملدرآمد کے لئے نیکٹا کے مینڈیٹ اور کردار کے بارے میں بریفنگ دی گئی

منگل 25 ستمبر 2018 16:05

نیکٹا کو ایک فعال اور جدید ادارہ بنانے کے لئے نئے زمینی حقائق اس کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2018ء) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نیشنل کائونٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کو ایک فعال اور جدید ادارہ بنانے کے لئے نئے زمینی حقائق اس کے کردار کے از سر نو جائزہ کے متقاضی ہیں جبکہ نیکٹا کے کردار اور امور کار کا جائزہ لینے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو ایک ہفتہ میں اپنی سفارشات وزیر اعظم کو پیش کرے گی۔

اس بات کا اظہار منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وزیر اعظم آفس میں نیشنل کائونٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کے دوران کیا گیا، یہ نیکٹا کے قیام کے بعد سے اس کے بورڈ آف گورنرز کا پہلا اجلاس تھا۔ اجلاس میں وزیر دفاع ، وزیر خزانہ، وزیر قانون، چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ، وزیر اعظم آزاد کشمیر ، وزیر مملکت داخلہ ، ڈی جی آئی ایس آئی، سیکرٹری داخلہ ، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا، چیف سیکٹریز، پولیس کے آئی جیز اور سینئر حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا نے اجلاس کو دہشت گردی اور پرتشدد انتہاپسندی کے انسدادکے لئے پالیسی سازی اور قومی حکمت عملی پرعملدرآمد کے لئے اولین ادارہ کی حیثیت سے نیکٹا کے قیام کے بعد سے اس کے مینڈیٹ اور کردار کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس کے دوران 20 نکاتی نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے پرتشدد انتہا پسندی کے انسداد اور دہشت گردی کی لعنت کے خلاف طویل جنگ لڑی ہے ۔

ہم نے اپنے ہزاروں شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کی جانوںکا نذرانہ پیش کیا ہے۔ مسلح افواج ،انٹییلی جینس اداروں ، پولیس و دیگر قانون نافذکرنے والے اور سکیورٹی اداروں کی گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہاکہ آج سکیورٹی کی بہتر صورتحال تمام فریقین کی مربوط کوشوں کا نتیجہ ہے۔ وزیر اعظم نے اس امر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہ ادارے کے قیام سے اس کے بورڈ آف گورنرز کا ایک بھی اجلاس طلب نہیں کیا گیا، کہا کہ گزشتہ حکومت کی غفلت کے نتیجہ میں ایک اہم ادارے کے امور کارکو بہتر بنانے پر توجہ کا فقدان رہا۔

وزیراعظم نے کہاکہ نئے زمینی حقائق ادارے کے کردارپر نظر ثانی کے متقاضی ہیں تاکہ نیکٹا کو اچھی طرح متعین مینڈیٹ کے ساتھ حقیقی طورپر ایک فعال اور جدید خطوط پر استوار ادارہ بنایا جاسکے لہٰذا اجلاس کے دوران ادارے کے کردار اور امور کار کا جائزہ لینے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دینے کافیصلہ کیا گیا ۔ یہ کمیٹی ایک ہفتے میں وزیراعظم کو اپنی سفارشات پیش کرے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات