Live Updates

شاہد خاقان عباسی کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

منگل 25 ستمبر 2018 16:25

شاہد خاقان عباسی کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کے مطالبے کی قرارداد ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی گئی ۔تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کو جنرل الیکشن 2018ء میں اپنی شکست ہضم نہیں ہو رہی جس کی بنا ء پر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک آرمی پاکستان کی سیاست میں پس پردہ رہ کر کردار ادا کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

شاہد خاقان عباسی پاکستان کے معتبر ادارے پر الزام لگا کر ایک طرف اپنی شکست کا غم دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور دوسری طرف اپنے آقاں کو بھی خوش کر رہے ہیں۔ ان کے اس بیان پر بھارتی میڈیا کو پاکستان اور پاکستان کی فوج کے خلاف زہر اگلنے کا موقع مل گیا ہے، شاہد خاقان عباسی کے بیان پر پاکستان کے عوام سراپا احتجاج ہیں۔ قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ملک دشمن بیان دینے پر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرایا جائے اور پاکستان میں کسی بھی عہدہ کے لئے تاحیات ناہل قرار دیا جائے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات