اجلاس کے دوران غیر حاضر افسران قبلہ درست کر لیں ، سپیکر قومی اسمبلی

ایوان کی کارروائی کے دوران اعلی افسران کی حاضری کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا ، حکومت کی یقین دہانی

منگل 25 ستمبر 2018 16:51

اجلاس کے دوران غیر حاضر افسران قبلہ درست کر لیں ، سپیکر قومی اسمبلی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 ستمبر2018ء) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اعلی افسران کو وارننگ دی ہے کہ وہ اسمبلی کے اجلاسوں کے دوران اپنی حاضری یقینی بنائیں ورنہ سخت ایکشن لوں گا ۔انہوں نے کہا کہ افسران کی طرف سے پارلیمنٹ کے بے توقیری کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ سپیکر نے یہ وارننگ اپوزیشن کی طرف سے بجٹ پرجاری بحث کے دوران وزارت خزانہ کے اعلی افسران کی غیر حاضری پر احتجاج کے دوران کیا ۔

پیپلزپارٹی کے نوید قمر نے کہا کہ بجٹ پر بحث ہو رہی ہے لیکن وزیر خزانہ اجلاس سے غیر حاضر ہیں ۔ سابق سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ وزراء کے ساتھ ساتھ افسران بھی غیر حاضر ہیں یہ پارلیمنٹ کو نیچا دکھانے کے مترادف ہے ۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ میرے دور میں غیر حاضر افسران کی سرزنش ہوتی تھی اور ان کی موجودگی کو یقینی بنایا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

رانا تنویر نے پوائنٹ آف آرڈر پر کہاکہ ایوان کی کارروائی کے دوران افسران کی غیر حاضری ناقابل قبول ہے سپیکر اس کا سخت نوٹس لیں ۔

وزیر مملکت حماد اظہر نے کہا کہ اپوزیشن کے نوٹس میں ہونا چاہئے کہ اسد عمر کی عدم موجودگی کے دوران وزیر مملکت ایوان میں موجود ہیں اور نوٹسز بھی لے رہے ہیں ۔ وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے ایوان میں یقین دہانی کرائی کہ اجلاس کی کارروائی کے دوران افسران کی حاضری کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا اور اس مقصد کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔ افسران کو وارننگ جاری کر دی گئی ہے اور آئندہ اپوزیشن کو شکایت کا موقع نہ دیں ۔ سپیکر قومی اسمبلی نے افسران کو وارننگ دی ہے کہ وہ اپنا قبلہ درست کر لیں اور اپنی روش بدلیں اور اپنی قومی ذمہ داریاں پوری کریں ۔ ۔