Z-10ME لڑاکا ہیلی کاپٹر بیڑے کا پاکستان کی فوجی بیڑے میں شامل ہونے کا امکان

Z-10ME لڑاکا ہیلی کاپٹر پاکستان کی جنگی صلاحیتوں میں اضافہ کرے گا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 25 ستمبر 2018 16:14

Z-10ME لڑاکا ہیلی کاپٹر بیڑے کا پاکستان کی فوجی بیڑے میں شامل ہونے کا امکان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 ستمبر 2018ء) : گذشتہ دو تین روز سے بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت کے پاکستان مخالف بیانات خبروں کی زینت بنے ہوئے تھے۔ جنرل بپن راوت نے پاکستان کو سرجیل اسٹرائیک کی دھمکی بھی دی جسے پاکستان نے محض ایک گیدڑ بھبکی قرار دیتے ہوئے بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کا اعلان کیا ۔ تاہم اب پاکستان کے لڑاکا طیاروں کے بیڑے میں ایک ایسا ہیلی کاپٹر شامل ہونے کا امکان ہے جس سے پاکستان کی جنگی صلاحیتوں میں کئی گنا اضافہ ہو جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق Z-10ME لڑاکا ہیلی کاپٹر ایک اچھا اضافہ ثابت ہو گا۔ اس ہیلی کاپٹر کوChanghe Aircraft Industries Corporation (CAIC) نے تیار کیا۔ حال ہی میں ان ہیلی کاپٹرز کی کئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں ، ان تصاویر کو کئی ملٹری فورمز پر ماہرین دفاعی امور کے ساتھ بھی شئیر کیا گیا جنہیں دیکھ کر کئی تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ یہ ہیلی کاپٹر مارکیٹ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان سمیت کویت، سعودی عرب ، ایران ، ملائشیا اور تھائی لینڈ نے بھی ان ہیلی کاپٹرز کی تیاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ان ہیلی کاپٹرز میں کی جانے والی سرمایہ کاری فوجی قیادت کی جارحانہ اور جنگی صلاحیتوں کو بڑھانے میں مددگار ثابت ہو گی۔ سوشل میڈیا پر Z-10ME ہیلی کاپٹر کی کئی تصاویر وائرل ہوئیں جنہوں نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی۔

دفاعی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ 2016ء میں پاکستان میں Z-10 ہیلی کاپٹر کے کامیاب ٹرائل کے بعد Z-10 کے 935 kW انجن کے مقابلے میں اب اس ہیلی کاپٹر میں 1200 kW ٹربوشافٹ انجن کی پیداوار شروع کر دی گئی ہے۔Z-10ME لڑاکا ہیلی کاپٹر میں بھاری اسلحے کے ساتھ ایڈوانس نوعیت کے الیکٹرک سسٹم کی تنصیب اس ہیلی کاپٹر کو دشمن کے لیے مزید خطرناک بناتی ہے۔ دنیا بھر کے کئی ممالک عالمی مارکیٹ میں اس ہیلی کاپٹر کی فروخت کے لیے پیش ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔ دفاعی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ہیلی کاپٹر پاکستان کی جنگی صلاحیتوں میں ایک اچھا اضافہ ہو سکتا ہے جس کو محض خریدنے سے ہی دشمن کی نیندیں حرام کی جا سکتی ہیں۔