منی لانڈرنگ کیس: آصف زرداری، فریال تالپور کی ضمانت میں16اکتوبرتک توسیع

سپریم کورٹ نے اکاؤنٹ منجمد کرنے سے متعلق درخواست پر فیصلہ دینے سے منع کرنے کا حکم دیا ہے،پراسیکیوٹر سپریم کورٹ نے آرڈر جاری کرنے سے منع کیا ہے لیکن دلائل دینے سے منع نہیں کیا،ملازمین متاثر ہورہے ہیں ،وکیل اومنی گروپ

منگل 25 ستمبر 2018 16:54

منی لانڈرنگ کیس: آصف زرداری، فریال تالپور کی ضمانت میں16اکتوبرتک توسیع
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) کراچی کی بینکنگ کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 16اکتوبر تک ملتوی کردی ہے ۔منگل کو کراچی کی بینکنگ کورٹ میں اربوں روپے کی منی لانڈرنگ اسکینڈل کیس کی سماعت ہوئی۔ سابق صدر آصف علی زرداری، ان کی ہمشیرہ فریال تالپور، انور مجید اور ان کے بیٹے عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے گزشتہ سماعت میں کیس کے تمام ملزمان کو آج عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔مقدمہ کے مرکزی ملزم انور مجید نے عدالت میں پیشی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اب تک جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) نے نہیں بلایا ہے۔منی لانڈرنگ کیس میں انور مجید کے بینک اکانٹ منجمد کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت شروع ہوئی تو ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے درخواست پر کارروائی کرنے کی مخالفت کی۔

(جاری ہے)

پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ نے اکاؤنٹ منجمد کرنے سے متعلق درخواست پر فیصلہ دینے سے منع کرنے کا حکم دیا ہے۔ جس پر انور مجید کے وکیل کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے آرڈر جاری کرنے سے منع کیا ہے لیکن دلائل دینے سے منع نہیں کیا۔عدالت نے حکم دیا کہ پہلے سپریم کورٹ کا حکم نامہ پڑھ لیں اس کے بعد فیصلہ کریں گے کہ کیا کرنا ہے۔

اومنی گروپ کے وکیل بیرسٹر جمشید ملک نے موقف اختیار کیا کہ اکانٹ منجمد ہونے سے ملازمین متاثر ہو رہے ہیں۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیس میں سپریم کورٹ کی ہدایات کو بھی مد نظر رکھنا ہو گا۔ جس پر بیرسٹر جمشید نے کہا کہ سپریم کورٹ نے سماعت سے نہیں روکا ہے، اب کیا بینکنگ کورٹ سپریم کورٹ سے پوچھ پوچھ کر سماعت کرے گی۔نیشنل انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیز(این آئی سی وی ڈی)کے ڈاکٹر نوید اللہ سے عدالت نے استفسار کیا کہ آپ ملزم کو عدالت میں پیش ہونے سے کیسے روک سکتے ہیں انور مجید کے ڈاکٹر نے موقف اختیار کیا کہ انور مجید کی طبیعت خراب تھی، اس لیے انہیں عدالت نہ بھیجنے کی سفارش کی تھی۔

عدالت نے ڈاکٹر سے انور مجید کی میڈیکل رپورٹس طلب کیں تو ڈاکٹر نوید اللہ نے جواب دیا کہ انور مجید اب میری نگرانی میں نہیں ہیں بلکہ انہیں سرجن دیکھ رہا ہے۔عدالت نے استفسار کیا کہ یہاں سوال یہ ہے کہ زیر سماعت مقدمے کے قیدی کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، عدالت اس معاملے کی چھان بین کرے گی کیوں کہ یہ عجیب بات ہے کہ زیر سماعت مقدمے کا ملزم ہی عدالت میں پیش نہ ہو، عدالت نے علاج سے کسی کو منع نہیں کیا تاہم ملزم کو عدالت لانا ضروری ہے۔

عبدالغنی مجید کا میڈیکل سرٹیفکیٹ بنانے والی ڈاکٹر نوشین اقبال عدالت میں پیش ہوئیں تو جج نے کہا کہ لگتا ہے کہ میڈکل سے متعلق ساری دستاویزات بعد میں بنائی گئی ہیں۔عدالت نے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت 16 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری، فریا ل تالپور اور انور مجید کے تین بیٹوں کی ضمانت میں16 اکتوبر تک توسیع کردی ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری، فریال تالپور سمیت ضمانت پر رہا ملزمان کی ضمانت کا آج آخری دن تھا۔ کیس میں نامزد تمام ملزمان کو عدالت کی جانب سے منگل کو پیش ہونے کا حکم دیا گیا تھا۔ملزمان پر بوگس اکانٹ کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔ کیس میں آصف علی زرداری، فریال تالپور نے عبوری ضمانت لے رکھی ہے جب کہ انور مجید کے بیٹے نمر مجید، ذوالقرنین اور علی مجید، ملک ریاض کے داماد زین ملک بھی عبوری ضمانت پر ہیں۔کیس میں انور مجید، عبدالغنی مجید، حسین لوائی اور طحہ رضا گرفتار ہیں۔