فرنٹئیر کور بلوچستان کی62ویں بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ

لورالائی ٹریننگ سنٹر میں1614جوانوں کی تربیت مکمل ہونے پر حلف برداری اور تقسیم انعامات کی تقریب سیکٹر کمانڈر (نارتھ )بریگیڈئر ندیم سہیل، شہداء کے والدین،قبائلی عمائدین ،معتبرین اعلیٰ سول اور فوجی حکام کی شرکت

منگل 25 ستمبر 2018 16:54

فرنٹئیر کور بلوچستان کی62ویں بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) فرنٹیئر کور بلوچستان کی62ویں بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ٹریننگ سنٹر لورالائی میں منعقد ہوئی۔پریڈ میں تربیت مکمل کر نے والے 1614جوانوں نے حصہ لیا۔مہمان خصوصی جناب سیکٹر کمانڈرنارتھ بریگیڈئر ندیم سہیل اور ایف سی کے شہید سپاہی وسیم کے والد پریڈ گراؤنڈ پہنچے تو ایک چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

مہمان خصوصی نے پریڈ کا معائنہ کیا۔تربیت مکمل کرنے والے جوانوں نے ملک سے وفاداری کا حلف اُٹھاتے ہوئے مادر وطن کی سرحدوں کی دفاع اور اپنی ذمہ داریوں کو پوری لگن اور محنت سے ادا کرنے کا عہد کیا۔مہمان خصوصی نے تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے جوانوں میں انعامات تقسیم کئے۔

(جاری ہے)

بہترین مجموعی کارکردگی کا اعزاز ریکروٹ ثاقب رحیم نے حاصل کیا۔

بہترین چیمپیئن کمپنی کا اعزازشیر خان شہیدکمپنی کو دیا گیا۔ٹریننگ سنٹر لورالائی کے چیف انسٹرکٹر لیفٹیننٹ کرنل محمد یوسف جاویدنے تربیت کے مختلف مراحل کے بارے میں تفصیلات بتائیں۔پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے سیکٹر کمانڈرنارتھ بریگیڈئر ندیم سہیل نے کہا کہ فرنٹیئر کور بلوچستان نہ صرف افغانستان اور ایران سے ملنے والی سرحدوں کی نگہبان ہے بلکہ صوبے کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبودکیلئے صوبائی حکومت کے شانہ بشانہ کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسکول آف فرنٹیئر کور اینڈ ٹریننگ سنٹر گزشتہ 43برس سے فرنٹیئر کور کے جوانوں کی بنیادی تربیت اور پیشہ وارانہ مہارت کے حصول میں نہایت اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔اس ادارے کے تربیت یافتہ افراد آج فرنٹیئر کور کا حصہ بن کر انتہائی کٹھن حالات اور دشوار گزار علاقوں میں اپنے فرائض انتہائی لگن اور جانفشانی کے ساتھ ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے آخر میں تربیت مکمل کرنے والے جوانوں کو مبارک باد دیتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ قوم کی توقعات پر پورا اُتریں گے اور محنت،ہمت اور جذبے سے اپنی تمام ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے ادا کریں گے۔ سیکٹر کمانڈرنارتھ بریگیڈئر ندیم سہیل نے پریڈ کے بلند معیار کی تعریف کی اور یقین ظاہر کیا کہ تربیت حاصل کرنے والے جوان فرنٹیئر کوربلوچستان کی روشن روایات کو برقرار رکھیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام میں فرنٹیئر کورکی قربانیاں ناقابل فراموش ہیںاس لیے بلوچستان کے زیادہ سے زیادہ نوجوان فرنٹیئر کور میں شمولیت اختیار کرکے قومی یکجہتی اور دفاع وطن کی ذمہ داری میں اپنا کردار اداکریں۔ پاسنگ آئوٹ پریڈ کے مہمان خاص ایف سی کے شہید سپاہی محمد وسیم کے والد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایف سی بلوچستان پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کے بیٹے نے وطن کی حفاظت پر جان قربان کی جس پر انہیں اور خاندان کو فخر حاصل ہے۔تقریب کے آخر میں مارچ پاسٹ ہوا مہمان خصوصی نے سلامی لی ۔تقریب میں قبائلی عمائدین ،معتبرین ،اعلیٰ سول اور فوجی حکام اور تربیت مکمل کرنے والے جوانوں کے والدین کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔