عدالت نے انتظارقتل کیس کی سماعت 10 اکتوبر تک ملتوی کردی

تفتیشی افسر کی سست روی کے باعث ملزم طارق رحیم باہرمزے لوٹ رہا ہے،عدالت کے ریمارکس

منگل 25 ستمبر 2018 16:54

عدالت نے انتظارقتل کیس کی سماعت 10 اکتوبر تک ملتوی کردی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے انتظار قتل کیس کی سماعت 10اکتوبر تک ملتوی کردی ہے ۔دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ تفتیشی افسر کی سست روی کے باعث ملزم طارق رحیم باہرمزے لوٹ رہا ہے۔منگل کو انسداد دہشت گردی عدالت میں انتظار قتل کیس کی سماعت ہوئی، مقتول کے والد مقصود احمد عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت میں سماعت کے آغاز پرتفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم طارق رحیم کی گرفتاری ممکن نہیں ہوئی، مجھے وارنٹ کی کاپی موصول نہیں ہوئی۔عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کوکاپی نہیں ملی توکیا ہم مقدمے کی سماعت روک دیں آپ کی کارکردگی غیر تسلی بخش ہے۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیا وارنٹ کی کاپی آپ کے ہاتھ میں پہنچانا بھی ہماری ذمہ داری ہی آپ کو ذمہ داری کا احساس ہوتا توکاپی کے لیے خود رجوع کرلیتے۔

(جاری ہے)

انسداد دہشت گردی عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ کی تفتیش سست روی کا شکار ہے جس کی وجہ سے ملزم طارق رحیم باہرمزے لوٹ رہا ہے۔عدالت نے ملزم طارق رحیم کو گرفتار کرکے آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 10 اکتوبر تک ملتوی کردی۔یاد رہے کہ رواں سال 14 جنوری کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں اینٹی کارلفٹنگ سیل کے اہلکاروں کی فائرنگ سے نوجوان انتظار احمد جاں بحق ہوگیا تھا۔