بھارتی آرمی چیف کی جانب سے سرجیکل سٹرائیک اور جنگ کی دھمکیاں گیدڑ بھبکیاں ہیں،چوہدری محمد عزیز

بھارتی فوج نے اگر آزاد کشمیر اور پاکستان کی طرف ایک قدم بھی بڑھایا تو بھارتی فوج کیلئے جان بچا کر بھاگنا مشکل ہوجائے گا،وزیر مواصلات و ورکس آزاد کشمیر

منگل 25 ستمبر 2018 16:57

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) آزاد کشمیر حکومت کے وزیر مواصلات و ورکس چوہدری محمد عزیز نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کی جانب سے سرجیکل سٹرائیک اور جنگ کی دھمکیاں گیدڑ بھبکیاں ہیں ۔ بھارتی فوج نے اگر آزاد کشمیر اور پاکستان کی طرف ایک قدم بھی بڑھایا تو بھارتی فوج کیلئے جان بچا کر بھاگنا مشکل ہوجائے گا۔

آزاد کشمیر کا بچہ بچہ پاکستان کے دفاع ، سلامتی اور تحفظ کیلئے سربکف ہے ۔ بھارتی آرمی چیف کی دھمکیاں دراصل بھارت کے اندرونی حالات سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے ۔ مودی سرکارسیاسی مقاصد کیلئے اپنی فوج اور آرمی چیف کو استعمال کررہی ہے۔ انتخاب جیتنے کیلئے پاکستان کیخلاف بھارت کے اندر مذہبی جنونیت اور انتہاء پسندی کو فروغ دیکر محض ووٹ حاصل کرنے کی کوشش بھارتی حکمرانوں کو مہنگی پڑ سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

مذہبی جنونیت اور انتہا پسندی کا بم بھارت کی اپنی سلامتی کیلئے شدید خطرہ ہے ۔ یہاں صحافیوں کیساتھ بات چیت کے دوران وزیر مواصلات نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام بھارتی عزائم سے اچھی طرح آگاہ ہیں اور بزدل بھارتی قابض افواج کا 70سال سے مردانہ وار مقابلہ کررہے ہیں ۔ آئے روز لائن آف کنٹرول پر بھارتی قابض افواج کی اشتعال انگیزیاں اب تو معمول بن چکی ہیں ۔

سول نہتے عوام پر بھارتی فوجیوں کی گولیاں تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود اب بے اثر ثابت ہورہی ہیں ۔ چوہدری محمد عزیز نے کہا کہ پاکستان کے سلامتی دفاع اور تحفظ کیساتھ ساتھ تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی اور الحاق پاکستان کے منزل کے حصول کیلئے مقبوضہ کشمیر کے اندر جاری تحریک مزاحمت نے بھارتی حکمرانوں کو بوکھلاہٹ کا شکار کردیا ہے ۔ تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود بھارتی قابض افواج تحریک آزادی کشمیر کو کچلنے میں ناکام ہیں ۔

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال اور آئے روز نہتے عوام پر وحشیانہ تشدد اقوام عالم کیلئے بھی تشویش کا باعث ہے ۔ بھارت کا جعلی جمہوریت کا ڈھونگ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے ۔ایک ایسا ملک جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہے اور اپنے ہی ملک کے اندر مذہبی جنونیت اور انتہاء پسندی کے ذریعہ علاقائی سلامتی کیلئے شدید خطرہ بن چکا ہے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا مستقل ممبر بننے کا خواہشمند ہے جس ملک نے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل نہیں کیا وہ علاقائی بالا دستی کے حصول کیلئے دنیا بھر کے جمہوری تقاضوں کو نظر انداز کرتے ہوئے سینہ زوری کررہا ہے ۔

چوہدری محمد عزیز نے خبردار کیا کہ اگر سرجیکل سٹرائیک یا بھارتی افواج نے پاکستان یا آزاد کشمیر کی طرف بری نظر سے دیکھا تو اس کے نتائج بھارتی حکمرانوں کو بھگتنا ہونگے ۔ بزدل بھارتی افواج حسب سابق میدان چھوڑ کر بھاگے گی ۔ جنگ اگر مسلط کی گئی تو یہ بھارتی علاقے میں ہوگی ۔ افواج پاکستان ، پاکستانی اور کشمیری عوام کے بھرپور عملی ساتھ کے ذریعہ دفاع وطن کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں ۔