سام سنگ نے گلیکسی A7 ٹرپل کیمرہ فون اور J4 پلس،J6 پلس سیریز پاکستان میں جاری کر دی

منگل 25 ستمبر 2018 16:57

سام سنگ نے گلیکسی A7 ٹرپل کیمرہ فون اور J4 پلس،J6 پلس سیریز پاکستان میں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) ٹیکنالوجی اور الیکٹرانکس میں عالمی لیڈر سام سنگ نے حال ہی میں انتہائی شاندار A 7 ، J 4 پلس اور J6 پلس سیریز کے موبائل فونز کا اجراء کیا ہے۔ سام سنگ نے ہمیشہ صارفین کو جدید ترین ٹیکنالوجی فراہم کی ہے اور تمام نئے A اور J سیریز کے موبائل فون صنعتی توقع سے کہیں زیادہ ہیں۔ گلیکسی A7 2018 سام سنگ کا پہلا فون ہے جس کے پیچھے کی جانب ٹرپل کیمرہ دیا گیا ہے۔

ٹرپل کیمرہ (24MP-8MP-5MP) اوپر بائیں جانب کنارے پر نصب کیا گیا ہے جس میں 24MP کا مین سینسر f/1.7 کے ساتھ شامل کیا گیا ہے جو کم روشنی کے ماحول میں چار پکسلز کو یکجا کرنے کے ذریعے تصویر کے معیار کو بہتر بنائے گا۔ تیسرا لینس 120 ڈگری کے نظارے سے تصویر نکالنے کے لئے 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ سینسر پر مشتمل ہے۔

(جاری ہے)

مزید برآں اس میں 128 جی بی کی انٹرنل سٹوریج دی گئی ہے اور ایک جدید ترین سائیڈ فنگر پرنٹ سکینر بھی اس فون میں شامل کیا گیا ہے۔

اس ضمن میں ایک پروقار میڈیا تقریب پی سی ہوٹل، کراچی میں منعقد ہوئی جہاں سام سنگ پاکستان کے صدر وائے جے کم مہمان خصوصی تھے۔ اے سیریز میں جاری ہونے والے فون میں گلیکسی A7 شامل ہے اور گلیکسی جے سیریز میں جاری ہونے والے موبائل فونز میں گلیکسی J6 پلس اور گلیکسی J4 پلس شامل ہیں۔ یہ فونز سام سنگ انفینٹی ڈسپلے کی خصوصیات کے حامل ہیں اور اوپر اور نیچے کی جانب مضبوط بیزلز دیئے گئے ہیں۔

فزیکل ہوم بٹن کے متبادل ڈسپلے میں سافٹ ویئر پاورڈ ہوم بٹن دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ان فونز میں ویڈیو دیکھنے کے ساتھ چیٹ کی نئی سہولت فراہم کی گئی ہے جو ویڈیو دیکھنے میں کسی دشواری کے بغیر چیٹ کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ ان فونز میں پریمیم گلاس ڈیزائن، 6 انچ کا انفنٹی ڈسپلے اور اوکٹا کور پروسیسرز فراہم کئے گئے ہیں۔ J4پلس میں 13 میگا پکسل ریئر کیمرہ اور 5 میگا پکسل فرنٹ کیمرہ کے ساتھ ایڈجسٹ ایبل ایل ای ڈی فلیش بھی فراہم کیا گیا ہے جبکہ گلیکسی J6 پلس میں 13MP+5MP کا ڈوئل ریئر کیمرہ ہے۔

دونوں فونز میں جدید سائیڈ فنگر پرنٹ سکینر فراہم کئے گئے ہیں۔ سام سنگ پاکستان کے صدر وائے جے کم نے اس موقع پر کہا کہ گلیکسی Aاور Jسیریز ہمیشہ ہماری بہترین ٹیکنالوجی اور جدت کی عکاسی کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعلیٰ معیار، کارکردگی اور صلاحیتوں کا مظہر ہیں اور صارفین کی ضرورت کے مطابق انہیں سہولت فراہم کرتے ہیں۔ گلیکسی Aاور Jکے صارفین سام سنگ کو بے حد پسند کرتے ہیں۔

ہم جانتے ہیں کہ صارفین کو اس فون کی ضرورت ہے اور یہ ان کی روزانہ ضروریات کے عین مطابق ہیں۔ سام سنگ پاکستان میں اپنے صارفین کو پاور پیکڈ ڈیوائسز فراہم کرنے پر خوشی اور فخر محسوس کرتا ہے۔ یہ نئی ڈیوائسز آج کی انتہائی مسابقتی اور تیز رفتار دنیا میں آگے بڑھنے والے صارفین کو معلومات اور تفریح کی ایک نئی دنیا سے متعارف کراتی ہیں اور وہ ان کے ذریعے طاقتور عالمی رسائی کے ساتھ بہت سے امور سرانجام دے سکتے ہیں۔