مقبوضہ کشمیر، بانڈی پورہ میں نوجوانوں کی شہادت پر آج مسلسل پانچویں روز بھی ہڑتال

شہید ہونے والے تین نوجوانوں کے اہلخانہ نے بھارتی فوج کا دعویٰ مسترد کردیا

منگل 25 ستمبر 2018 17:09

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں پانچ نوجوانوں کی شہادت پر ضلع بانڈی پورہ میںآج مسلسل پانچویں روز بھی ہڑتال کی وجہ سے معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے ضلع کے علاقے سملر میں محاصرے اور تلاشی کی ایک طویل کارروائی کے دوران جمعرات کو دو اور جمعہ کو تین نوجوانوں کو شہید کیا تھا۔

ضلع میں تمام دکانیں اور کاروباری ادارے بند جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی۔ دریں اثناء شوپیاں ، کولگام اور گاندربل اضلاع سے تعلق رکھنے والے تین خاندانوں نے بھارتی فوج کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید ہونے والے نوجوانوں میں ان کے تین بچے شامل ہیں۔ شوپیان اور کولگام کے وفود نے آج ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ سے ملاقات کرکے دونوجوانوں کی میتیں ان کے حوالے کرنے کے لیے کہاہے کیونکہ وہ ان کے بچے ہیں جبکہ ضلع گاندربل کے علاقے کنگن سے تعلق رکھنے والے ایک اور خاندان نے کہا ہے کہ شہیدنوجوانوں میں ایک ان کا بیٹا پرویز احمد ٹیڑوا ہے۔

(جاری ہے)

پرویز ٹیڑوا کے بھائی محمد رفیق ٹیڑوا نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کا بھائی 2003ء سے لاپتہ تھا اورتصویر دیکھ کر انہیں اس کی شہادت کا پتہ چلاہے۔ بھارتی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ سملربانڈی پورہ میں شہید ہونے والے نوجوان غیر ملکی عسکریت پسند ہیں اور وہ فوجیوں کے ساتھ ایک جھڑپ میں مارے گئے ہیں ۔