جرمنی کے سفیر نے اسلام آباد انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا

اسلام آباد میں موجود کچرے کے ڈھیر کے ساتھ سیلفی لے کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 25 ستمبر 2018 17:02

جرمنی کے سفیر نے اسلام آباد انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 ستمبر 2018ء) : پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر نے اسلام آباد انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا۔ تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے کہا کہ سڑک سے گزرتے ہوئے اسلام آباد میں جہاں خوبصورت جگہ نظر آتی ہے وہیں جابجا کوڑے کے ڈھیر بھی نظر آتے ہیں۔

جیسے کہ F7/4 گلی 56 میں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹھوس کوڑا اس طرح سے ہر جگہ نہیں پھینکا جاسکتا۔یہ ڈینگی اور دیگر مضرِ صحت اثرات کا سبب بنتا ہے! کیا کیا جاسکتا ہے؟
مارٹن کوبلر کے اس ٹویٹ پر ٹویٹر صارفین بھی جگہ جگہ کوڑے کرکٹ کے ڈھیر کے خلاف بول اُٹھے ۔ ایک صارف نے کہا کہ بالکل سر گذشتہ حکومت نے صحت اور صفائی پر 10 فیصد بھی کام کیا ہوتا تو کچھ تبدیلی ہوتی اب انشااللہ آہستہ ملک کو پاک صاف کرنے کا چونکہ مشن خان صاحب نے شروع کروا دیا ہے کچھ عرصے میں آپ کو بہتر پاکستان کندگی سے صاف نظر آئے گا انشاءاللہ۔

(جاری ہے)

ایک صارف نے کوڑا کرکٹ پھینکنے والوں کے لیے سزا کی تجویز دی اور کہا کہ صرف جُرمانے اور وہ بھی بھاری جُرمانے ہی اس کا حل ہیں۔ سمجھنے والی قوم ہے ایسے سدھرنے والی نہیں۔
ایک اور صارف نے اس معاملے پر حکومت کو مشورہ دے دیا اور کہا کہ حکومت کو چاہئیے کہ مناسب تعداد میں ٹریش کین نصب کرے۔ اس سلسلے میں عوام کو آگاہی دی جائے اور جگہ جگہ کوڑا پھینکنے پر جُرمانے عائد کئے جائیں۔
ایک اور ٹویٹر صارف نے کہا کہ آپ نے بالکل صحیح کہا، ایسے گندگی کے ڈھیر سے بیماریاں پھیلتی ہیں۔ لوگوں کو اپنا معاشرہ صاف رکھنا چاہئیے کیونکہ صفائی نصف ایمان ہے لیکن یہ نام نہاد مسلمان صفائی کا خیال نہیں رکھتے۔