مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوجیوں نے تین اور کشمیر یوں کو شہید کر دیا

مشترکہ حریت قیادت کی طرف سے عوام سے آئندہ انتخابات کے بائیکاٹ کی اپیل ،شوپیاں میں نوجوانوں کی شہادت پر ہڑتال

منگل 25 ستمبر 2018 17:40

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میںبھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران منگل کو سوپور قصبے میں تین اور نوجوانوںکو شہید کردیا جس سے جمعرات سے اب تک شہید ہونیوالے نوجوانوںکی تعداد بڑھ کر 14ہو گئی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوںنے ان نوجوانوں کو قصبے کے علاقے تجر شریف میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔

انتظامیہ نے سوپور میںموبائیل انٹرنیٹ سروس معطل اورتمام تعلیمی ادارے بند کردیئے۔سیدعلی گیلانی ،میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے کشمیری عوام سے آئندہ ڈھونگ انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ عالمی برادری کو گمراہ کرنے کیلئے ان انتخابات کو ایک سیاسی حربے کے طورپر استعمال کرنے کے بھارت کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

حریت قیادت نے سرینگرکے علاقے حیدر پورہ میں سیدعلی گیلانی کی رہائش گاہ پر ملاقات میں کشمیریوں کے اقتصادی وسائل کی لوٹ مار اور جموںوکشمیر کی آبادی کا تناسب بگاڑنے کے بھارت کے منصوبے پر غور کیا۔دریںاثنابھارتی فوجیوں کے ہاتھوں پانچ نوجوانوں کی شہادت پر ضلع بانڈی پورہ میںمنگل کو مسلسل پانچویں روز بھی ہڑتال کی وجہ سے معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے۔

بھارتی فوجیوں نے ضلع کے علاقے سملر میں جمعرات کو دو اور جمعہ کو تین نوجوانوں کو شہید کیا تھا۔ شوپیاں میں بھی نوجوانوں کی شہادت پر ہڑتال کی گئی ۔ شوپیان اور کولگام اضلاع سے تعلق رکھنے والے خاندانوں نے بھارتی فوج کا یہ دعویٰ مسترد کیا ہے کہ شہید ہونے والے نوجوان غیر ملکی عسکریت پسند تھے جو فوجیوں کے ساتھ ایک جھڑپ میں مارے گئے۔ ان کاکہنا ہے کہ شہید ہونے والے نوجوان ان کے بیٹے اور رشتہ دار ہیں جن کو بھارتی فوجیوں نے محاصرے اورتلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔

صورہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے نرسنگ کے طلباء نے اپنے ساتھی محمد اقبال راتھر کی رہائی کے لیے منگل کو پریس انکلیو سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ بھارتی پولیس نے اقبال کو چند روز قبل اپنے علیل والد کی عیادت کے لیے جموں جاتے ہوئے سرینگر جموں شاہراہ پرگرفتار کیاتھا۔ادھر بھارتی پولیس نے تحریک وحدت اسلامی کے چیئرمین نثار حسین راتھر کو ان کے گھر پر چھاپے کے دوران گرفتارکرکے سینٹرل جیل سرینگر میں نظربندکردیا ہے۔ ضلع بانڈی پورہ کے علاقے ماتری گام ٹکری میںنامعلوم افراد نے ایک پنچایت گھر کو نذرآتش کردیا ہے۔