آج کی نسبت بادشاہوں کا دور زیادہ اچھا لگتا ہے ،خواتین کا احترام کیا جاتا تھا ‘فضاء علی

سیاحت کے شعبے کو سنجیدگی کے ساتھ لیا جائے تو ہم بہت بڑے پیمانے پر زرمبادلہ حاصل کر سکتے ہیں

منگل 25 ستمبر 2018 17:58

آج کی نسبت بادشاہوں کا دور زیادہ اچھا لگتا ہے ،خواتین کا احترام کیا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) اداکارہ فضاء علی نے کہا ہے کہ مجھے آج کے دور کی نسبت بادشاہوں کا دور زیادہ اچھا لگتا ہے ،کاش میں اس دور میں پیدا ہوتی جب بادشاہ اور ملکہ کا دور چلتا تھا کیونکہ اس دور میں جب بھی ملکہ کی سواری گزرتی تھی تو لوگ احتراماً اپنی نظریں جھکا لیا کرتے تھے مگر آج لوگ کسی بھی خاتون کو بڑی حیرت سے دیکھتے ہیں جو مجھے بہت برا لگتا ہے ، لوگوں کو صرف اپنے کام سے کام رکھنا چاہیے ،دوسروں کی شخصی آزادی پر ضرب نہیں لگانی چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کراچی اور لاہور شہر بڑا اچھا لگتا ہے جبکہ پورا پاکستان بڑا خوبصورت ہے خاص طور پر شمالی علاقہ جات اپنی خوبصورتی کے حوالے سے پوری دنیا میں مقبول ہیں اور دنیا بھر سے سیاح اس مقامات کو دیکھنے کے لئے آتے ہیں ۔ اگر سیاحت کے شعبے کو سنجیدگی کے ساتھ لیا جائے تو ہم بہت بڑے پیمانے پر زرمبادلہ حاصل کر سکتے ہیں۔ فضاء علی نے کہا کہ میں اپنی زندگی سے مطمئن ہوں ، تمام فیصلے سوچ سمجھ کر کرتی ہوں مگر انسان ہونے کی وجہ سے غلطی کا امکان ہر وقت رہتا ہے لیکن میری کوشش ہوتی ہے کہ میں کم سے کم غلطیاں کروں اور میں دوسروں کی غلطیوں سے بھی سیکھتی ہوں ۔