امریکا نے طالبان،داعش جنگجوؤں کی ہلاکتوں کی تعداد سامنے لانے سے روک دیا

پالیسی میں تبدیلی کا یہ فیصلہ طالبان کو امن عمل میں شامل ہونے پر مجبور کرنے کی نشاندہی کرتا ہے،رپورٹ

منگل 25 ستمبر 2018 18:04

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) امریکا نے طالبان اور عسکریت پسند تنظیم داعش کے جنگجوؤں کی ہلاکتوں کی تعداد سامنے لانے سے روک دیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکا کی جانب سے پالیسی میں تبدیلی کا یہ فیصلہ طالبان کو امن عمل میں شامل ہونے پر مجبور کرنے کی نشاندہی کرتا ہے۔اس حوالے سے واشنگٹن میں موجود سفارتی ذرائع نے بتایا کہ افغانستان میں دشمنوں کی ہلاکتوں کو سامنے نہ لانے کا فیصلہ امریکا اور طالبان حکام کے درمیان براہ راست مذاکرات کو فروغ دینے کی کوشش ہے۔

(جاری ہے)

سفارتی ذرائع نے مزید بتایا کہ طالبان کا دبئی میں امریکی حکام سے مزید مذاکرات کا امکان بھی ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ رواں ماہ کے اختتام میں روس، افغان حکومت اور طالبان نمائندوں کے درمیان اسی طرح کے مذاکرات کی میزبانی کر رہا ہے اور روس کے اس عمل نے واشنگٹن کو اپنے امن عمل میں تیزی لانے پر مجبور کردیا ہے۔افغانستان میں امریکی مشن کے ترجمان کرنل ڈیوڈ ایم بٹلر کا کہنا تھا کہ جب تک غیر ضروری حالات میں معلومات فراہم کرنے کی ضروت نہیں ہوتی، کمانڈ کو اس طرح کی معلومات فراہم کرنے سے روک دیا گیا ہے۔