بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ایک ہفتے کیلئے مئوخر

وزیرخزانہ کی نیپرا اورپاورڈویژن کو آئندہ5 سال کیلئے پالیسی بنانے کی ہدایت، پالیسی میں لائن لاسزاور بلوں کی وصولی کا لائحہ عمل بھی مرتب کیا جائے گا۔ وفاقی وزیرخزانہ اسد عمرکی زیرصدارت ای سی سی کا اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 25 ستمبر 2018 17:49

بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ایک ہفتے کیلئے مئوخر
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25 ستمبر 2018ء) وفاقی حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ایک ہفتے کیلئے مئوخر کردیا، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ آئندہ اجلاس تک ملتوی کیا گیا ہے، وزیرخزانہ نے نیپرا اور پاور ڈویژن کو آئندہ 3 یا 5 سال تک کیلئے پالیسی بنانے کی ہدایت کردی، پالیسی میں لائن لاسز اور بلوں کی وصولی کا لائحہ عمل بھی مرتب کیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر کی زیرصدارت اکنامک کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں بجلی کے بلوں کی وصولی، بجلی لائن لاسز اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلا س میں وزراء اورواپڈا حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں وفاقی حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ایک ہفتے کیلئے مئوخر کردیا،ای سی سی کے آئندہ اجلاس تک بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیرخزانہ اسد عمر نے نیپرا اور پاور ڈویژن کو آئندہ 3 یا 5 سال تک کیلئے پالیسی بنانے کی ہدایت کردی۔اسد عمر نے کہا کہ پاور ڈویژن اور نیپرا ایسی پالیسی بنائیں جس سے بجلی کے بلوں کی وصولی زیادہ سے زیادہ ہوسکے۔پالیسی میں لائن لاسز بھی کم سے کم کرنے کا لائحہ عمل بنایا جائے۔ واضح رہے بجلی کی قیمت میں 2 روپے سے زائد اضافہ کیے جانے کا امکان ہے۔

تاہم حکومت نے فی الحال عوامی احتجاج کے پیش نظر بجلی کی قیمتوں میں اضافے کوروک دیا ہے۔ دوسری جانب حکومت نے گیس کی قیمتوں میں بھی بے تحاشا اضافہ کردیا ہے۔ جس سے عام آدمی براہ راست متاثر ہوگا اور مہنگائی کا ایک سیلاب آئے گا۔ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافے کا خدشہ ہے۔اپوزیشن نے حکومت کی جانب سے منی بجٹ میں گیس کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کردیا ہے۔ اپوزیشن لیڈرشہبازشریف نے حکومت کے منی بجٹ کومسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا منی بجٹ ،عوام پرمنی مہنگائی کابم ہے، سی پیک پرحکومتی بیانات مشکوک ہیں، تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے ابھی تک الف لیلیٰ کی داستانیں سنائیں، حکومت ووٹوں کی نہیں دھاندلی کی پیداوار ہے۔