Live Updates

شاہد خاقان عباسی کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کے مطالبے پر مبنی سمیت 4قرار دادیں پنجاب اسمبلی میں جمع

ملازمت پیشہ خواتین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے ، ملک میں آن لائن مارکیٹنگ کا سلسلہ شروع کیا جائے ‘قرار دادوں میں مطالبہ دارالامان میں خواتین سے جسم فروشی کرائے جانے کا انکشاف انتہائی تشویشناک ہے ، شرمناک فعل میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کی جائے

منگل 25 ستمبر 2018 18:09

شاہد خاقان عباسی کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کے مطالبے پر مبنی سمیت ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کے مطالبے پر مبنی سمیت 4قرار دادیں پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی گئیں۔تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کو جنرل الیکشن 2018ء میں اپنی شکست ہضم نہیں ہو رہی جس کی بنا ء پر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک آرمی پاکستان کی سیاست میں پس پردہ رہ کر کردار ادا کر رہی ہے۔

شاہد خاقان عباسی پاکستان کے معتبر ادارے پر الزام لگا کر ایک طرف اپنی شکست کا غم دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور دوسری طرف اپنے آقاں کو بھی خوش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کے اس بیان پر بھارتی میڈیا کو پاکستان اور پاکستان کی فوج کے خلاف زہر اگلنے کا موقع مل گیا ہے، شاہد خاقان عباسی کے بیان پر پاکستان کے عوام سراپا احتجاج ہیں۔ قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ملک دشمن بیان دینے پر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرایا جائے اور پاکستان میں کسی بھی عہدہ کے لئے تاحیات ناہل قرار دیا جائے۔

تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے ملازمت پیشہ خواتین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کے مطالبے کی قرارد اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروائی جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی حکومت ملازمتوں میں امتیازی سلوک، یکساں معاوضے اور خواتین کے خلاف صنفی امتیاز کے خاتمے کے لئے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کی کنونشنز C-100 ، C-111 اور CEDAW کا دستخط کنندہ ہے مگر اس کے برعکس ہمارے قوانین میں خواتین کے ان حقوق کے حوالے سے کسی بھی قسم کی ضمانت موجود نہیں۔

وفاقی حکومت سے مطالبہ ہے کہ جلد از جلد ان کنونشنز کی پاسداری کرتے ہوئے قانون سازی کو یقینی بنائے تاکہ ملازمت پیشہ خواتین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ نے دارالامان میں خواتین سے جسم فروشی کرائے جانے کے انکشاف پر پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کروائی جس میں کہا گیا ہے کہ دارالامان میں بے سہارا خواتین کو جنسی فعل کیلئے مجبور کرنا انتہائی تشویش کا باعث ہے جو کہ اسلامی معاشرے میں بھی تشویش کا باعث ہے۔

حکومت سے مطالبہ کرتا ہے دارالامان میں خواتین کی عزت کی پامالی کا نوٹس لیا جائے اور جو سرکاری افسران اور ملازمین سے شرمناک فعل میں ملوث ہیں ان کیخلاف سکت سے سخت کاروائی میں لائی جائے۔تحریک انصاف کے رکن اسمبلی منیب سلطان چیمہ کی جانب سے ملک بھر میں آن لائن مارکیٹنگ کاسلسلہ شروع کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروائی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں آن لائن مارکیٹنگ کاسلسلہ شروع کیا جائے،آن لائن مارکیٹ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے جیسا کہ بھارت میں انفونس جیسی آن لائن کمپنیاں موجود ییں۔

جن کی مالیت پاکستان کی سالانہ برآمدات سے بھی زیادہ ہیں۔بھارت کی سب سے بڑی آن لائن کمپنی میں 80 ہزار ملازمین کام کررہے ہیں۔اسی طرح ایمزون آن لائن بک سٹور میں 5 لاکھ 66 ہزار ملازمین کام کررہے ہیں۔قرارداد میں حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ملک بھر میں آئی ٹی صنعت کو پھیلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے اس صنعت کے فروغ سے صرف دس آئی ٹی کمپنیاں پاکستان کے سارے غیر ملکی قرضے اتارنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات