جو قومیں اپنی تہذیب کو فراموش کردیتی ہیں تاریخ بھی انہیں بھلا دیتی ہے ،میئر سکھر

منگل 25 ستمبر 2018 18:21

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ جو قومیں اپنی تہذیب کو فراموش کردیتی ہیں تاریخ بھی انہیں بھلا دیتی ہے ، بد قسمتی سے ہم اپنی روایات، کلچر اور تہذیب کو بھلتے جارہے ہیں ‘ ہماری روایات تو وہ ہیں جس سے دوسروں نے سلیقہ سیکھا ‘ صفائی ستھرائی ازل سے ہمارطرہ امتیاز ہے مگر اسے اغیار نے اپنایا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل جناح اسٹیڈیم میں بلدیہ سکھر کے افسران و ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر ڈپٹی میئر طارق چوہان ‘ یو سی چیئرمین میر عبدالرحمن مینگل ‘ غلام مرتضیٰ گھانگھرو ‘مختیار کھوکھر ‘ یاسین آرائیں ‘ ڈاکٹر علی نواز کھوسو ‘ ڈاکٹر عبدالخالق جتوئی ‘ عزیز اللہ خان مغل ‘ شفیق پیرزادہ ‘ گل محمد مہر ‘ فرید احمد صدیقی و دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واٹر کمیشن کی ہدایت پر بلدیہ کے 932 عارضی اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کو بر طرف کردیا گیا ہے ‘ اتنی بڑی تعداد میں ملازمین کی برطرفی سے کام کا بوجھ بڑھے گا لہٰذا اب مستقل ملازمین کو ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے اپنے فرائض ایمانداری سے ادا کرنا ہونگے ‘ یہ شہر ہمارا ہے اور اس کی بہتری کے لئے ہمیں ہی کام کرنا ہوگا‘ کام چوری کا سلسلہ بند ہونا چاہئے ‘ ڈیوٹی چور ملازمین کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائیگی کیونکہ کام چور ملازمین کی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جب ہم نے عہدہ سنبھالا تو بلدیہ سکھر مالی بحران کا شکار تھی ‘ ملازمین کو تنخواہیں نہیں مل رہی تھیں لیکن ہم نے ذمہ داری لی اور تمام ملازمین کے بقایا جات ادا کر کے اپنا وعدہ پورا کیا ‘ اب تنخواہوں سمیت ملازمین کے دیگر مسائل میرٹ پر حل کئے جارہے ہیں ‘ لہٰذا ملازمین بھی اپنی ڈیوٹی پابندی کے ساتھ کریں تاکہ شہر میں صفائی ستھرائی ‘ فراہمی و نکاسی آب سمیت دیگر بلدیاتی امور میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے کیونکہ ہماری ‘ آپ کی اور ادارے کی عزت کام کرنے سے ہی ہوگی ۔

انہوں نے ملازمین پر واضح کیا کہ جو ملازم جس عہدے پر بھرتی ہوا ہے اس سے وہی کام لیا جائے گا ‘ سینیٹری ورکر بھرتی ہونیوالے ملازمین سے سوئپنگ کا ہی کام لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کی پریشانیوں سے بھی بخوبی واقف ہوں ‘ ملازمین کو میرٹ کی بنیاد پر ترقیاں دیں گے ‘ میڈیکل اور بلڈنگ لون بھی دیا جائے گا جبکہ ملازمین کی رہائش کے مسئلے کے حل کے لئے ایک کالونی بھی بنائی جائیگی ۔

انہوں نے کہا کہ کچھ قوتیں نہیں چاہتیں کہ شہر ترقی کرے ہمیں ایسے عناصر کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا اور شہر کی بہتری اور اس کی ترقی کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا ۔ ڈپٹی میئر طارق چوہان نے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ملازمین کے 27 کروڑ روپے کے بقایا جات ادا کئے ‘ سفارش اور رشوت خوری کا کلچر ختم کیا ‘ اب ملازمین کو تنخواہیں مستقل بنیادوں پر دی جارہی ہیں لہٰذا گھر بیٹھے تنخواہ لینے کا سلسلہ اب نہیں چلے گا ‘ وائٹ کالر اور کام چور ملازمین کی ادارے میں کوئی جگہ نہیں۔

انہوں نے ملازمین کو سختی سے تنبیہ کی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے اپنے فرائض ایمانداری سے ادا کریں ‘شہر کو اون کریں اور اپنا گھر سمجھیں ۔ انہوں نے افسران کو بھی ہدایت کی کہ وہ اسٹاف کی حاضری کو یقینی بنائیں اور کام چور ملازمین کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائیں ۔