Live Updates

حکومتی زیادتیوں کیخلاف شکایات کے اندراج کیلئے ہیلپ لائن قائم کر رہے ہیں ،کسی کو من مانی نہیں کرنے دینگے‘ رانا مشہود

انتخابات سے قبل جن مافیاز سے پیسے پکڑ ے گئے تھے پی ٹی آئی کی حکومت آنے کے بعد وہ مافیا اپنے پیسے حلال کر رہا ہے عوام کیلئے حکومت کا ایک ماہ درد اور اذیت سے بھرپور رہا ہے ، کسی کو بلدیاتی نظام ختم نہیں کرنے دینگے‘ جاتی امراء کے باہر میڈیا سے گفتگو

منگل 25 ستمبر 2018 18:26

حکومتی زیادتیوں کیخلاف شکایات کے اندراج کیلئے ہیلپ لائن قائم کر رہے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ حکومتی زیادتیوں کیخلاف شکایات کے اندراج کیلئے ہیلپ لائن قائم کر رہے ہیں او رکسی کو من مانی نہیں کرنے دیں گے ،عوام کیلئے حکومت کاایک ماہ درد اور اذیت سے بھرپور رہا ہے کیا اس طرح نیا پاکستان بنتا ہے ،انتخابات سے قبل جن مافیا زسے پیسے پکڑ ے گئے تھے پی ٹی آئی کی حکومت آنے کے بعد وہ مافیا اپنے پیسے حلال کر رہا ہے ،بلدیاتی نظام تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے آیا تھا کسی کو اس نظام کو ختم نہیں کرنے دیں گے۔

جاتی امراء رائے ونڈ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ نواز شریف اور بیگم کلثوم نواز کے درمیان میاں بیوی کا مثالی رشتہ تھا ، ابھی مشاورتی عمل جاری ہے ،بیگم کلثوم نواز کے چالیسویں کے بعد نواز شریف کی سیاسی سر گرمیوں بارے فیصلہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوام کی آواز اسمبلیوں کے اند ر اور ہر گلی کوچے میں اٹھائے گی ۔

بلدیاتی نظام تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے آیا ،کٹھ پتلی وزیر اعلی وفاق کے فیصلے پنجاب پر لاگو کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کفایت شعاری کی بات کرتی ہے لیکن وزیر اعظم ہائوس کی پانچ کروڑ کی گاڑیاں فروخت کرکے پانچ کروڑ روپے کے اشتہارات چلادئیے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی تو اس وقت تاریخ کا بد ترین معاشی بحران تھا ، عالمی مالیاتی ادارے کہہ رہے تھے کہ پاکستان دو ماہ میں دیوالیہ ہو نے جارہا ہے ۔

اگر ہماری حکومت نے چالیس ارب کے قرضے لئے تو ستر ارب کے قرضے واپس بھی کئے ہیں اور ہم نے اداروں کو چلایا ہے ۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کھربوں روپے سے توانائی کے منصوبے لگائے او رملک سے اندھیرے دور کئے اور ہمارے دور حکومت کے منصوبوں کا کریڈٹ کوئی اور نہیں لے سکتا۔ مینجمنٹ ایک ذمہ داری ہے او رموجودہ حکومت اس میں بری طرح ناکام رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جس کے خلاف کرپشن کے ثبوت ہیں انہیں پکڑیں لیکن کسی کو انتقام کا نشانہ نہ بنایا جائے ۔ نواز شریف کو وزارت عظمیٰ کے عہدے سے ہٹایا گیا پھر انہیں قید کی سزا دی گئی ،ابھی تک یہ معلوم ہی نہیں ہو سکا کہ انہیں کس جرم کی سزا دی گئی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں نہ صرف ٹیکس دہندگان کی تعداد میں اضافہ ہوا بلکہ ٹیکس آمدنی بھی بڑھی اور ہم تمام شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لارہے تھے ۔

یہاں حکومت نان فائلرز کی آڑ میں مافیا کو سہولتیں دے رہی ہے ، انتخابات میں جس انڈسٹری اور لینڈ مافیاسے پیسے پکڑے تھے پی ٹی آئی کی حکومت آنے کے بعد وہ مافیا اپنے پیسے حلال کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر لینڈ مافیا کے خلاف کارروائی کرنی ہے تو اس کا آغاز کابینہ سے کیا جائے پھر عوام کی طرف بڑھیں۔ پاکستان میں لوٹ مار کا بازار گرم ہے اور اس حوالے سے واقعات بھی سامنے آرہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بیورو کریسی کو دھمکیاں دے رہے ہیں ۔ ہم حکومت کی ذیادتیوں کے خلاف آئندہ چند روز میں ہیلپ لائن قائم کرنے جارہے ہیں ،حکومت کی زیادتیوں کا شکار افراد یہاںشکایات درج کرائیںہم ان کیلئے آواز بلند کریں گے اور کسی کو من مانی نہیں کرنے دیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات