پیمرا کی غیر قانونی ٹی وی چینل کے خلاف کارروائی،ملک محمد یامین اعوان کے خلاف تھانہ فیصل ٹاؤن لاہور میں ایف آئی آر درج کرا دی

منگل 25 ستمبر 2018 18:32

پیمرا کی غیر قانونی ٹی وی چینل کے خلاف کارروائی،ملک محمد یامین اعوان ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2018ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا)نے غیر قانونی ٹی وی چینل کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے ملک محمد یامین اعوان کے خلاف تھانہ فیصل ٹاؤن لاہور میں ایف آئی آر درج کرا دی ہے ۔ ملک یامین روزنامہ سحر کے نام سے ایک اخبار بھی چلا رہا ہے۔ایف آئی آر کی درخواست پیمرا لاہور آفس کے ڈپٹی جنرل منیجر کی مدعیت میں دائر کی گئی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملک محمد یامین اعوان رہائشی مکان نمبر 325-B، محلہ فیصل ٹاؤن لاہورمختلف ناموں )جی ٹی وی/سبز بات/گریٹ) سے غیر قانونی ٹی وی چینل کی نشریات میں ملوث ہے جوکہ پیمرا آرڈیننس کی شق 19کی خلاف ورزی ہے۔

یاد رہے کہ ملک یامین اعوان کو ماضی میں متعدد بارقانونی نوٹس جاری کئے گئے تھے تاہم کمپنی نے کوئی جواب نہیں دیا مزید یہ کہ چینل غیر ملکی مواد کی تشہیر میں بھی ملوث رہا ہے جبکہ کمپنی مختلف ناموں سے چینل کی نشریات جاری رکھے ہوئے تھی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں اتھارٹی کو گمراہ کرتے ہوئے یہ کمپنی مختلف جگہوں سے اًپ لنکنگ(Uplinking) کرنے میں بھی ملوث رہی ہے۔

اس سلسلے میں پیمرا پاک سیٹ (PAKSAT)کو ایک خط لکھ چکا ہے جس میں پاک سیٹ کو یہ باور کرایا گیا تھا کہ مذکورہ کمپنی کی نشریات غیر قانونی ہیں لہٰذا پاک سیٹ اس کی اًپ لنکنگ(Uplinking) کو فوری طورپر معطل کرے۔ مزیدبرآں محمد یامین اعوان ماضی میں پیمرا کے کیبل ٹی وی کے لائسنس یافتہ بھی تھے تاہم ان کا لائسنس پیمرا قوانین کی خلاف ورزی پر منسوخ کر دیا گیا تھا ۔