چین کا تائیوان کو فوجی سازوسامان کی فروخت کے امریکی منصوبے پر شدید عدم اطمینان کا اظہار، دونوں سپر پاروز کے درمیان کشیدگی میں اضافہ

منگل 25 ستمبر 2018 18:49

بیجنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2018ء) چین نے تائیون کو فوجی سازوسامان کی فروخت کے امریکی منصوبے پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق 33 کروڑ ڈالر مالیت کے اس سودے میں تائیوان کو ایف ۔16 اور سی۔ 130 طیاروں کے پرزوں کی فروخت بھی شامل ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے معمول کی پریس بریفنگ کے دروان کہا کہ تائیوان کو فوجی سازو سامان کی فروخت کا امریکی اقدام خارجہ تعلقات کے حوالے سے بین الاقوامی قوانین کی شدید خلاف ورزی ہے اور چین اس کی شدید مخالفت کرتا ہے۔

چینی ترجمان نے مزید بتایا کہ اس معاملہ پر امریکا سے مناسب فورم پر احتجاج بھی کیا گیا ہے۔ترجمان نے امریکا سے یہ سودا فوری طور پر منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبر دار کیا کہ اس سے چین امریکا تعلقات کو سخت نقصان پہنچ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ادھر تائیوانی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں امریکی اقدام کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔ وزرارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکی اقدام سے تائیوان کو اپنا دفاع مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔درایں اثنا تائیوانی صدر کے دفتر سے جاری بیان میں امریکا کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس نئے تنازعہ نے دنیا کی دو سپر پاروز کے درمیان موجود کشیدگی میں اضافہ کردیا ہے۔