Live Updates

حکومت بزنس کمیونٹی کو عزت دے گی ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی‘چوہدری محمد سرور

ماہی پروری کے شعبے کی ترقی کے لئے جامع پلان مرتب کیا جا رہا ہے اور دریاؤں ، نہروں کے کناروں پرفش فارم تیار کئے جائیں گے فش فارم تیارکرنے سے دیہی علاقوں میں روزگار کے مواقع پیدا ہونگے اور شہروں پر آبادی کا بوجھ بھی کم ہو گا‘گورنر پنجاب کی آپٹما کے وفد سے گفتگو

منگل 25 ستمبر 2018 18:55

حکومت بزنس کمیونٹی کو عزت دے گی ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ حکومتوں کی مدت اور اقتدار کی طوالت اللہ کی رضا اور عوامی خدمت کی مرہون منت ہوتی ہے ، انسانی خدمت دل کا سکون ہے اور اللہ کے حضور سرخرو ہونے کا ذریعہ بھی ہے ، پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ، غربت کا خاتمہ ، روزگار کے مواقع پیدا کرنا ، بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی پاکستان تحریک انصاف کی اولین ترجیحات ہیں، کاروباری طبقے کو بنیادی سہولیات اور تحفظ فراہم کئے بغیر معیشت کو مضبوط خطوط پر استوار نہیں کیا جا سکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاںگورنر ہائوس لاہور میںآپٹما کے 28 رُکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے آپٹما کے سربراہ گوہر اعجاز کی قیادت میں اِن سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کی ترقی تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی اجتماعی کوششوں سے وابستہ ہے بالخصوص بزنس کمیونٹی جن کے ہاتھ میں معیشت کا پہیہ رواں ہے اس ضمن میں اپنا کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں ۔

اُنہوں نے کہا کہ ملکی ترقی میں بزنس کمیونٹی کا کردار نمایاں ہے وہ نہ صرف ملک میں روزگار کے موقع فراہم کرتے ہیں بلکہ ملکی مصنوعات کو ایکسپورٹ اور ٹیکس ادا کر کے ملک کی معیشت کو مستحکم کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت بزنس کمیونٹی کو عزت دے گی ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے برآمدی صنعت کے لئے گیس کے یکساں نرخ مقرر کر کے انقلابی قدم اٹھایا ہے جس سے نہ صرف ٹیکسٹائل انڈسٹری کو فروغ حاصل ہو گا بلکہ ایکسپورٹ میں بھی اضافہ ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ تمام تر چیلنجز کے باوجود بزنس کمیونٹی اپنے ملک کی محبت میں کام کر رہے ہیں جو خوش آئند اًمر ہے ۔چوہدری سرور نے کہا کہ ماہی پروری کے شعبے کی ترقی کے لئے جامع پلان مرتب کیا جا رہا ہے اور دریاؤں ، نہروں کے کناروں پرفش فارم تیار کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو اس شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے دعوت دی جا رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ فش فارم تیارکرنے سے دیہی علاقوں میں روزگار کے مواقع پیدا ہونگے اور شہروں پر آبادی کا بوجھ بھی کم ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی سب سے بڑی خواہش شہریوں کو صاف پانی فراہمی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ پاکستان میں تقریباً 11 لاکھ لوگ گندہ پانی پینے سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے باسیوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لئے وہ بیرون ملک مخیر حضرات کے پاس جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ عنقریب پنجاب کی یونیورسٹیوں ، کالجز اور سکولوں میں صاف پانی کے پلانٹس لگائے جائیں گے تاکہ نوجوان نسل کو بیماریوں سے بچایا جا سکے ۔ انہوں نے وفد کے ارکان کو کہا کہ وہ اپنی ملوں میں صاف پانی کے فلٹریشن پلانٹ لگائیں تاکہ مزدوروں کو صاف پانی کی سہولت دستیاب ہو ۔ آپٹما کے سربراہ گوہر اعجاز نے چوہدری محمد سرور کو دوبارہ گورنر پنجاب کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری محمدسرور بزنس کمیونٹی کے مسائل اور مشکلات کا اداراک بھی رکھتے ہیں اور انہیں حل کرانے میں ان کا کردار مثبت رہا ہے ۔ انہوں نے پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دلوانے پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی خدمات کو سراہا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات