Live Updates

تحریک انصاف سابقہ حکومت کا رونا دھونا چھوڑ کر اپنی کارکردگی دکھائے اور عوام کو ڈلیور کرے ‘ آفتاب شیرپائو

صوبوں کے درمیان کالا باغ ڈیم کی تعمیر پر اتفاق رائے نہیں،جس منصوبے پر یکسوئی ہے اسے شروع کیا جائے ،سب کو فیڈریشن کو بچانا ہے نواز شریف کی رہائی ڈیل کا نتیجہ نہیں ،پرویز مشرف کے خلاف مقدمہ چل رہا ہے ،جو بھی باہر ہیں انہیں ملک میں آکر مقدمات کاسامنا کرنا چاہیے کراچی سے پشاور تک سب متفق ہیں انتخابات میں آر ٹی ایس سے نتائج بدلے گئے ،تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیشن کے حق میں ہیں پارلیمنٹ کو بھارت کی دھمکی پر متفقہ لائحہ عمل بنانا چاہیے ‘ چیئرمین قومی وطن پارٹی کی نواز شریف سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو

منگل 25 ستمبر 2018 19:12

تحریک انصاف سابقہ حکومت کا رونا دھونا چھوڑ کر اپنی کارکردگی دکھائے ..
ْلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد شیر پائونے کہا ہے کہ تحریک انصاف سابقہ حکومت کا رونا دھونا چھوڑ کر اپنی کارکردگی دکھائے اور عوام کو ڈلیور کرے ،صوبوں کے درمیان کالا باغ ڈیم کی تعمیر پر اتفاق رائے نہیں،ہم چیف جسٹس پاکستان کا بہت احترام کرتے ہیں لیکن سب کو فیڈریشن کو بچانا ہے،نواز شریف کی رہائی ڈیل کا نتیجہ نہیں ہے اور یہ صرف باتیں ہیں،جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف مقدمہ چل رہا ہے اور جو کیسے چلے اسے منطقی انجام تک پہنچنا چاہیے ۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف سے ان کی اہلیہ کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آفتاب شیر پائو نے کہا کہ نواز شریف کے لئے ان کی اہلیہ کا انتقال بڑا صدمہ ہے ،لوگوں کی بڑی تعداد ان کے پاس تعزیت کے لئے آرہی ہے اس لئے انہیں چالیسیوں تک موقع دینا چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ جب سے حکومت آئی ہے گورنر ہائوسز اوروزیر اعلی ہائوسز کھولنے اور بند کرنے پر لگی ہوئی ہے،ان کی کوئی کارکردگی نظر نہیں آرہی ہے اور صرف کمیٹیاں بنا رہے ہیں،وزیر خزانہ اسد عمر نے مالیاتی بل میں جو ترامیم پیش کیں وہ اِدھر کی ہیں اور نہ ہی ادھر کی ہیں ۔

ایسا لگتا ہے ان کی کوئی حکمت عملی نہیں ،اصل ایشو کو ترجیحات دیں جس میں امن و امان اور خارجہ پالیسی پر توجہ دینی چاہیے ۔انہوںنے ملک کو درپیش مسائل کی وجہ سابقہ حکومت کو قرار دینے کے سوال کے جواب میں کہا کہ جو بھی حکومت آتی ہی وہ اسی طرح الزام تراشی کرتی ہے اور سب کچھ سابقہ حکومت پر ڈال دیتی ہے ۔ موجودہ حکومت اپنی کارکردگی دکھائے، یہ اعدادوشمار لے کر آئیں جس طرح شہباز شریف سامنے لے کر آئے ہیں ۔

حکومت کو سابقہ حکومت کا رونا دھونا چھوڑ کر کارکردگی دکھانی چاہیے اور عوام کو ڈلیور کرنا چاہیے ۔ پی ٹی آئی بتائے اس نے خیبرپختوانخواہ میں پانچ سال حکومت کی ہے وہاں انہوںنے کیا کارکردگی دکھائی ۔آفتاب شیر پائو نے کالا باغ ڈیم کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ اس منصوبے پر صوبوںمیں اتفاق رائے نہیں ،ہم چیف جسٹس کا احترام کرتے ہیں لیکن سب کو فیڈریشن کو بچانا ہے۔

ایسا منصوبہ شروع کیا جائے جس پر سب کی یکسوئی ہے ۔ دیا میر بھاشا ڈیم او رمہمند ڈیم کاآپشن موجود ہے او رمہمند ڈیم کے لئے ہم تگ و دو بھی کر تے رہے ہیں۔انہوںنے پرویز مشرف کے خلاف کیسز کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ ان کے خلاف پہلے ہی مقدمہ چل رہا ہے اور ایک مرتبہ جو کیس چلے اسے منطقی انجام تک پہنچنا چاہیے ۔ مشرف سمیت جو بھی باہر ہیں انہیں واپس آنا چاہیے اور مقدمات کا سامنا کرنا چاہیے۔

انہوںنے کہا کہ کراچی سے پشاور تک سب متفق ہیں انتخابات میں آر ٹی ایس سے نتائج بدلے گئے ۔ہماری جماعت تحقیقات کیلئے کمیٹی نہیں بلکہ پارلیمانی کمیشن کے حق میں ہیں اور اس کے ٹی او آرز کو بھی واضح کرنا چاہیے ۔ انہوں نے نواز شریف کے مقدمات کے حوالے سے کہا کہ انصاف کے تقاضے ہیں کہ برابری کی بنیاد پر سلوک ہونا چاہیے اور انصاف ہوتا بھی نظر آنا چاہیے ۔

نواز شریف کی رہائی کو ڈیل کانتیجہ قرار دینا صرف باتیں ہیں ،اگر ایسا ہوتا تو نواز شریف نے جیل میں تین ماہ کیوں گزارے ،جو یہ باتیں کر رہے ہیں اگر ان کے پاس شواہد ہیں تو دیں ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو بھارت کی دھمکی پر متفقہ لائحہ عمل طے کرنا چاہیے تاکہ سول اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہو ۔نوازشریف کو تجویز دی ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پربلاکر بھارتی جارجیت کی دھمکی پر متفقہ لائحہ عمل طے کیاجائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب سی پیک منصوبے میں تیسری پارٹی کے طورپرآئے تو کوئی اعتراض نہیں لیکن پارلیمنٹ میں بات چیت ہونی چاہیے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات