فیسوں کے معاملہ پر نجی اسکول سپریم کورٹ پہنچ گئے

سندھ ہائی کورٹ نے رواں ماہ کی تین تاریخ کو نجی اسکولوں کو فیسوں کی مد میں سالانہ پانچ فیصد سے زائد اضافے سے روک دیا تھا

منگل 25 ستمبر 2018 19:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن نے سالانہ فیسوں میں پانچ فی صد اضافے سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔پرائیویٹ اسکولوں کے مالکان نے نہ صرف ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا بلکہ طلبا سے لی گئی اضافی فیسیں بھی واپس کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

سندھ ہائی کورٹ نے طلبا کے والدین کی درخواست پر پرائیویٹ اسکولوں کو نہ صرف فیسوں میں پانچ فیصد سے زائد اضافے سے روکا تھا بلکہ لی گئی اضافی فیس بھی واپس کرنے کا حکم دیا تھا۔

پرائیویٹ اسکولوں نے فیسوں میں اضافے کے معاملے پر سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا کی ہے۔سندھ ہائی کورٹ نے رواں ماہ کی تین تاریخ کو نجی اسکولوں کو فیسوں کی مد میں سالانہ پانچ فیصد سے زائد اضافے سے روک دیا تھا۔ فیصلہ سندھ ہائی کورٹ کے تین رکنی بینچ نے دو ہزار سے زائد والدین کی جانب سے دائر درخواستوں پر سماعت کے بعد دیا تھا۔