اے سی سی یوتھ انڈر 19 ایشیاکرکٹ کپ کی افتتاحی تقریب 28ستمبر کو ڈھاکہ میں ہوگی

پاکستانی ٹیم کل روانہ ہوگی، پاکستانی ٹیم کا پہلا میچ ہانگ کانگ کے ساتھ 29ستمبر کو ہوگا

منگل 25 ستمبر 2018 19:34

اے سی سی یوتھ انڈر 19 ایشیاکرکٹ کپ کی افتتاحی تقریب 28ستمبر کو ڈھاکہ میں ..
لاہور۔25 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2018ء) اے سی سی یوتھ انڈر 19 ایشیا کرکٹ کپ کی افتتاحی تقریب 28ستمبر کو ڈھاکہ بنگلہ دیش میں ہو گی ،ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر ایشیا کی چھ انڈر 19کرکٹ ٹیمیں حصہ لیں گی جنھیں دو مختلف اے اور بی گروپوں میں رکھا گیا ہے ،گروپ اے میں افغانستان ،نیپال ،بھارت اور یو اے ای جبکہ گروپ بی میں پاکستان ،بنگلہ دیش ،سری لنکا اورہانگ کانگ شامل ہیں ،پاکستان کی انڈر 19کرکٹ ٹیم ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کیلئے کل27 ستمبر کوکراچی سے بنگلہ دیش روانہ ہوگی،اے سی سی یوتھ انڈر 19ایشیا کرکٹ کپ کیلئے پندرہ رکنی قومی انڈر 19کرکٹ ٹیم کے کپتان روحیل نذیر ہوں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد محسن ،صائم ایوب،جہاں زیب سلطان ،اویز ظفر ،وقار احمد ،سعد خان ،محمد آصف ،فرخ عباس ،محمد بلال جاوید ،جنید خان ،موسی خان ،نسیم شاہ ،محمد حسنین اور ارشد اقبال شامل ہیں ،ٹیم مینجمنٹ میں صادق محمد (منیجر)،ہیڈ کوچ اعظم خان ،اسسٹنٹ کوچ محتشم رشید ،ثاقب فقیر فیلڈنگ کوچ ،محمد عثمان غنی فزیو تھراپسٹ ،صبور احمد ٹرینر اورعثمان ہاشمی اینالسٹ جبکہ پانچ ریزرو کھلاڑیوں میں اظہار احمد ،حیدر علی ،بلال خان ،مختیار احمد اور خیام خان شامل ہیں،پاکستان کی ٹیم کا پہلا میچ ہانگ کانگ کے ساتھ 29ستمبر کو بنگلہ دیش کے ساتھ ،یکم اکتوبر کو بنگلہ دیش اور سری لنکا کے ساتھ دو اکتوبر کو ہوگا،سیمی فائنلز چار اور پانچ اکتوبر کو ہوں گے جبکہ فائنل سات اکتوبر کو ڈھاکہ میں ہوگا ۔