عوام کو سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام تر ممکنہ اقدامات کو بروئے کار لایا جارہا ہے،چیئرمین بلدیہ غربی

منگل 25 ستمبر 2018 19:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) بلدیہ غربی میں رہائش پذیر عوام کو بلا تفریق سہولیات کی فراہمی کیلئے انتظامیہ بلدیہ غربی کی جانب سے تمام تر ممکنہ اقدامات کو بروئے کار لایا جارہا ہے ان خیالات کا اظہار چیئرمین بلدیہ غربی اظہار الدین احمد خان نے میونسپل کمشنر آفاق سعید کے ہمراہ بلدیہ غربی کے مرکزی دفتر میں محکمہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران سے میٹنگ کے دوران کیا میٹنگ میں اراکین کونسل اور بلدیاتی افسران بھی شریک تھے اراکین کونسل نے متعلقہ یونین کونسلوں میں پینے کے پانی اور نکاسی آب کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فراہمی آب کی قلت کی وجہ سے عوام مہنگے داموں ٹینکرخریدنے پر مجبور ہیں جبکہ محکمہ نکاسی آب کی عدم توجہ کی وجہ سے یونین کونسلوں میں نکاسی آب کی صورتحال بھی بہت زیادہ خراب ہے جس کے باعث عوام کو آمد و رفت میں دشواریوں کا سامنا ہے اس موقع پر چیئرمین نے کہا کہ عوام کو پینے کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کے خاتمہ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اور وہ امید کرتے ہیں محکمہ واٹر بورڈ کے افسران اس مسئلہ کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کریں گے بلدیہ غربی میںرہائش پذیر عوام کی اکثریت کا تعلق غریب اور متوسط طبقہ سے ہے پانی کے ٹینکر خریدنا ان کے ساتھ ظلم کرنے کے مترادف ہوگا جبکہ سیوریج سسٹم کی بہتری کیلئے بھی فوری اقدامات کی ضرورت ہے انتظامیہ بلدیہ غربی اپنے وسائل کو بروئے کار لاکر سیوریج سسٹم کی مرمت و تبدیلی کیلئے اقدامات کررہی ہے مگر سہولیات کی فراہمی کے عمل میں جب تک تمام یوٹیلیٹی سروسز فراہم کرنے والے ادارے مشترکہ طور پر کام نہیں کریں گے اس وقت تک سہولیات کی فراہمی کے عمل میں کامیابی حاصل کرنا نا ممکن ہے محکمہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران نے چیئرمین کو یقین دلایا کہ ادارے کی جانب سے عوام کو وافر مقدار میں پانی کی فراہمی اور سیوریج کے مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔