نیا بلدیاتی نظام سیاسی جماعتوں کی باہمی مشاورت سے تشکیل دیا جائے، اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی سے عوامی مسائل حل ہوں گے،حامد رضا

منگل 25 ستمبر 2018 20:19

نیا بلدیاتی نظام سیاسی جماعتوں کی باہمی مشاورت سے تشکیل دیا جائے، اختیارات ..
․لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 ستمبر2018ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نیا بلدیاتی نظام سیاسی جماعتوں کی باہمی مشاورت سے تشکیل دیا جائے۔ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی سے عوامی مسائل حل ہوں گے۔ ہمیں بھارت کی ہر سازش کا موثر جواب دینے کے لئے ہر وقت تیار رہنا چاہیئے۔ بھارت میں بڑے عہدے پر بیٹھا چھوٹا شخص الیکشن جیتنے کے لئے کچھ بھی کر سکتا ہے۔

بھارت کا اچانک پانی چھوڑنا آبی دہشت گردی ہے۔ پاکستان کو بھارتی شرارتوں سے ہوشیار اور خبردار رہنے کی ضرورت ہے۔ وزیر خارجہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھارت کا امن دشمن چہرہ بے نقاب کریں۔ جنرل اسمبلی میں گستاخانہ خاکوں کا مسئلہ بھی اٹھایا جائے۔ اقوام متحدہ پر گستاخانہ کلچر کے خلاف موثر قانون سازی کے لئے دباؤ ڈالا جائے۔

(جاری ہے)

قانون ناموس رسالت میں کسی طرح کی کوئی تبدیلی برداشت نہیں کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامعہ انوار مدینہ اچھرہ میں علماء کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ احتساب عدالتوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ کرپشن کے مقدمات کے فیصلے جلد ہو سکیں۔ اس وقت 26 احتساب عدالتوں میں 1210 ریفرینسز زیر سماعت ہیں۔ کرپشن کے مقدمات کے بروقت فیصلوں سے ملک کو 688 ارب روپے مل سکتے ہیں۔

چیف جسٹس احتساب عدالتوں کو مقدمات جلد نمٹانے کی ہدایت جاری کریں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ ایران میں ملٹری پریڈ پر حملہ قابل مذمت ہے۔ پاکستان پر دہشت گردی کے الزامات لگانے والے امریکہ اور بھارت اپنے گریبان میں جھانکیں۔ بھارت کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہا ہے۔ پاک افغان تعاون خطے میں امن و استحکام کا ضامن ہے۔ افغان حکومت اپنی سرزمین کو پاکستان دشمن دہشت گردوں سے پاک کرے۔ بھارتی دھمکیوں کا جواب دینے کے لئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے۔