وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال صوبے کی ترقی کا وژن ، مسائل کے حل کا عزم رکھتے ہیں،

کاغذی کاروائی کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں ام کو درپیش مسائل سے آگاہی کے لئے وزیراعلیٰ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بھی متحرک رہتے ہیں

منگل 25 ستمبر 2018 21:00

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال صوبے کی ترقی کا وژن ، مسائل کے حل کا عزم ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 ستمبر2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نہ صرف صوبے کی ترقی کا وژن بلکہ صوبے کے مسائل کے حل کا عزم بھی رکھتے ہیں اور کاغذی کاروائی کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں۔ عوام کو درپیش مسائل سے آگاہی کے لئے وزیراعلیٰ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بھی متحرک رہتے ہیں اور اخبارات کا باقاعدگی کے ساتھ مطالعہ کرتے ہوئے کسی بھی ذریعہ سے سامنے آنے والی عوامی شکایات اور مسائل کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہیں، وزیر اعلیٰ نظام میں پائی جانے والی معمولی خرابی او ر نقص کی فوری درستگی کے قائل ہیں، موجودہ حکومت کے قیام کے ایک ماہ کی قلیل مدت میں منعقدہ مختلف محکموں اور اداروں کے اجلاسوں کے دوران وزیراعلیٰ نے محکموں کی کارکردگی کے ساتھ ساتھ محکموں سے متعلق عوامی مسائل اور مشکلات کا بغور جائزہ لیتے ہوئے محکموں کی کارکردگی اور استعداد کار میں اضافے اور عوام کی مشکلات دور کرنے کے لئے لائحہ عمل دیا ہے جس سے ایک جانب تو محکموں کی کارکردگی میں بہتری آئے گی تو دوسری جانب عوام کے لئے آسانیاں اور آسودگی پیدا ہوگی۔

(جاری ہے)

ایک ماہ کے مختصر عرصہ میں وزیراعلیٰ نے کابینہ کے دو اجلاس منعقد کئے ہیں تاکہ صوبے کے اہم اور دیرینہ مسائل کو کابینہ میں لاکر باہمی مشاورت سے ان کے فوری حل کا راستہ نکالا جاسکے، وزیراعلیٰ سب کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتے ہیں اور سیاسی افہام وتفہیم کے ذریعہ مسائل کا حل چاہتے ہیں۔وزیراعلیٰ کی خواہش ہے کہ بہتر حکمت عملی، سائنس و ٹیکنالوجی کے استعمال اور سرمایہ کاری کے فروغ کے ذریعہ صوبے کے وسائل کو ترقی دے کرانہیں عوام کی فلاح وبہبود کے لئے بروئے کار لایا جائے۔

اداروں کی مضبوطی کے ذریعہ ان پر عوام کے اعتماد کی بحالی بھی وزیراعلیٰ کا مشن ہے او رانہیں یقین ہے کہ اگر بیوروکریسی اور سیاسی قیادت مل کر دیانت داری، خلوص نیت اور محنت سے کام کرے تو کوئی وجہ نہیں کہ بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن نہ کیا جاسکے، اس حوالے سے وزیراعلیٰ نے اجلاسوں اورافسران سے ہونے والی ملاقاتوں میں صوبے کی ترقی کی سمت کا تعین کیا ہے جس میں دیگر عوامل کے ساتھ ساتھ بدعنوانی کا خاتمہ بھی شامل ہے۔ وزیراعلیٰ نے تیز رفتاری کے ساتھ حکومتی امور کی انجام دہی کے لئے دفاتر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کے فروغ کی ہدایت کی ہے۔