حکومت کا تیل و گیس کی پیداوار میں خود کفیل ہونے کیلئے کوششیں تیز کرنے کا فیصلہ

وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل نے ملک میں تیل اور گیس کی پیداوار بڑھانے کے لئے جامع حکمت عملی تیار کرلی

muhammad ali محمد علی منگل 25 ستمبر 2018 20:40

حکومت کا تیل و گیس کی پیداوار میں خود کفیل ہونے کیلئے کوششیں تیز کرنے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 ستمبر2018ء) حکومت کا تیل و گیس کی پیداوار میں خود کفیل ہونے کیلئے کوششیں تیز کرنے کا فیصلہ، وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل نے ملک میں تیل اور گیس کی پیداوار بڑھانے کے لئے جامع حکمت عملی تیار کرلی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کو سالانہ بنیاد پر بیرون ممالک سے کھربوں روپے مالیت کی گیس اور تیل درآمد کرنا پڑتے ہیں۔

بیرون ممالک سے کھربوں روپے مالیت کے تیل و گیس درآمد کرنے کے باعث پاکستان کا تجارتی توازن بری طرح بگڑ جاتا ہے۔ جبکہ بیرون ممالک سے حاصل کیے جانے والے گیس و تیل مہنگے ہونے کے باعث مہنگائی کا بھی طوفان برپا رہتا ہے۔ اب پاکستان میں نئی قائم ہونے والی حکومت نے تیل و گیس کی پیداوار میں خود کفیل ہونے کیلئے کوششیں تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کو تیل و گیس کی پیداوار میں خود کفیل بنانے کیلئے وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل نے ملک میں تیل اور گیس کی پیداوار بڑھانے کے لئے جامع حکمت عملی تیار کرلی ہے۔ اس حوالے سے ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے دوران اس شعبے میں خود کفالت کے حصول کیلئے وفاقی وزارت پیٹرولیم کے تعاون سے ملک بھر میں درجنوں کوئوں کی کھدائی کی جائے گی۔ پچھلے چار سالوں کے دوران تیل اور گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ہوا اور 101 سے زائد مقامات پر تیل اور گیس دریافت ہوا جن میں سے سندھ میں 87، پنجاب اور خیبر پختونخوا سے 7،7 مقامات سے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔

اس تمام صورتحال میں حکومت نے تیل اور گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے مزید سہولیات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت توقع کر رہی ہے کہ تیل اور گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے سہولیات دینے سے توانائی کے نئے اور بڑے ذخائر دریافت ہو سکتے ہیں۔ یہاں یہ بات بھی واضح رہے کہ جولائی کے ماہ میں نگران حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ ایک امریکی کمپنی پاک ایران سرحد کے قریب تیل و گیس کے بڑے ذخائر دریافت کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاک ایران سرحد پر دریافت ہونے والے ذخائر کویت کے تیل و گیس کے کل ذخائر سے زیادہ ہیں۔ تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔