ایشیا کپ :پاک بھارت میچ کے دوران ہاتھوں میں سگار پکڑے پرویز مشرف کی تصویر وائرل

23 ستمر کو میچ دیکھنے سابق صدر دبئی اسٹیڈیم پہنچے تھے

منگل 25 ستمبر 2018 22:50

ایشیا کپ :پاک بھارت میچ کے دوران ہاتھوں میں سگار پکڑے پرویز مشرف کی ..
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 ستمبر2018ء) : ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاک بھارت میچ کے دوران سابق صدر پرویز مشرف کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ایشیا کپ کے سپر 4 مرحلے کے 23 ستمبر کو ہونے والے پاکستان اور بھارت کا اہم میچ دیکھنے سابق صدر پرویز مشرف بھی دبئی کرکٹ اسٹیدیم پہنچے تھے۔سابق صدر ہاتھوں میں سگار اور نیلا کوٹ پہنے پاک بھارت کرکٹ میچ سے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھے گئے۔

پرویز مشرف نے پاک بھارت کرکٹ میچ اہم بھارتی شخصیات کے ساتھ بیٹھ کر دیکھا جب کہ ان میں سے ایک اہم شخصیت راجیو شکلا نے میچ دیکھنے کی تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جو کہ تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کو این آر او عملدرآمد کیس میں پاکستان طلب کرلیا ہے جبکہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف ریڑھ کی ہڈی کے درد کا بہانہ کرکے نکل گئے، باہر جاکر ڈانس کرتے ہیں، ہم نے ان کا نام ای سی ایل سے نہیں ہٹایا،یہ غلط تاثر ہے۔

(جاری ہے)

پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ سے مکالمے کے دوران چیف جسٹس نے کہا 'مجھے مشرف کی واپسی کا شیڈول بتائیں' جس پر سابق صدر کے وکیل کا کہنا تھا پرویز مشرف بزدل نہیں ہیں، اگر ان کے آنے جانے پر پابندی نہ لگائی جائے تو وہ واپس آ سکتے ہیں،چیف جسٹس نے کہا کیا پرویز مشرف کے لیے علیحدہ قانون ہے، ایک ہفتے میں جواب دیں کہ وہ وطن واپس آ رہے ہیں یا نہیں' جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔