Live Updates

پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے،

دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مستحکم ہو رہے ہیں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری کا وحدت امت کانفرنس سے خطاب

منگل 25 ستمبر 2018 23:05

پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2018ء) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مستحکم ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وحدت امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آپس میں اختلافات کم کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب دینی، روحانی اور قلبی رشتے میں جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، سعودی عرب کے مقدس مقامات ہمارے ایمان اور روح کا حصہ ہیں، وزیراعظم عمران خان نے قوم کے جذبات و احساسات کو سامنے رکھتے ہوئے سب سے پہلے سعودی عرب کا دورہ کیا، وزیراعظم جب مدینہ منورہ پہنچے تو جوتے اتار کر قدم رکھے، یہ احترام اور روحانی تعلق ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی حکومت نے رواں سال حجاج کرام کو سہولت دے کر خدمت کی ہے اس کیلئے ممنون ہیں۔ انہوں نے قومی دن کے موقع پر سعودی عرب کے فرمانروا اور قوم کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا کہ ہم ہمدرد قوم ہیں، ہمارا تعلق الله اور اس کے رسولؐ سے جڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، حکومت علماء کرام کو عزت و تکریم دے گی، سب انسان برابر ہیں اور ان کو عزت ملنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ریاست مدینہ بنے گا، ریاست کا ایک ایک ذرہ امانت ہے، اس کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین کسی اور کیلئے استعمال نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سمیت مختلف ممالک میں سینکڑوں پاکستانی جیلوں میں قید ہیں، انہیں ورغلا کر بیرون ملک پہنچایا جاتا ہے، ان ممالک سے پاکستانی قیدیوں تک رسائی مانگی ہے، سعودی عرب نے پاکستانی قیدیوں تک رسائی دینے کی یقین کرائی ہے، جلد سعودی عرب کی جیلوں کا دورہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم متحد ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین اسلامک نظریاتی کونسل قبلہ ایاز نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا معتبر دوست ہے اور ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ سیمینار میں سعودی عرب کے نائب سفیر حبیب الله بخاری، سابق ڈپٹی سپیکر فیصل کریم کنڈی اور مولانا طاہر اشرفی نے شرکت کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات