سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے سردار اختر مینگل کی ملاقات ،

ملاقات میں بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل سمیت ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال

منگل 25 ستمبر 2018 23:05

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے سردار اختر مینگل کی ملاقات ،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2018ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے بلوچستان نیشنل پارٹی(مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل سمیت ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سردار اختر مینگل سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنا اور صوبے سے پسماندگی کا خاتمہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو بیروزگاری، ناخواندگی، توانائی کی قلت، انتہاء پسندی اور دہشت گردی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے جن کے خاتمہ کیلئے قومی یکجہتی اور اتفاق رائے انتہا ئی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہم سب کو مل کر ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے سردار اختر مینگل کو یقین دلایا کہ بلوچستان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر قومی اسمبلی میں زیر بحث لایا جائے گا۔

انہوں نے بلوچستان کے عوام کی ترقی و خو شحالی کیلئے اپنے ہر ممکن تعا ون کا یقین دلایا۔ سردار اختر مینگل نے اسد قیصر کو سپیکر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہو ئے کہا کہ اس منصب کیلئے ان کا انتخاب قیادت کا ایک احسن اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے بلوچستان کے ساتھ سوتیلوں جیسا سلوک روا رکھا اور اس صوبے کے عوام کو جو رقبہ کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، کو بنیادی سہولیات تک سے محروم رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو موجودہ پارلیمنٹ اور حکومت سے بڑی توقعات وابستہ ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ موجودہ حکومت اپنے دور اقتدار میں صوبے سے پسماندگی اور محرومیوں کے خاتمہ کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے گی۔