وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس،

بجلی کی قیمتوں میں اضافہ سے متعلق فیصلہ مؤخر،نیپرا اور پاور ڈویژن کو بجلی کے شعبہ میں سروس ڈیلیوری میں بہتری، ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کے نظام میں درپیش لاسز میں کمی اور ریکوری کو زیادہ سے زیادہ یقینی بنانے کیلئے جامع منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت

منگل 25 ستمبر 2018 23:13

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2018ء) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ سے متعلق فیصلہ مؤخر کرتے ہوئے نیپرا اور پاور ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ وہ بجلی کے شعبہ میں سروس کی فراہمی کے معیار میں بہتری، نقصانات میں کمی اور ریکوری میں اضافہ کیلئے جامع پلان تیار کریں۔ ای سی سی کا اجلاس منگل کو وفاقی وزیر خزانہ، ریونیو و اقتصادی امور اسد عمر کی زیر صدارت ہوا۔

اجلاس میں وزارت توانائی کی جانب سے بجلی کے شعبہ کیلئے نرخوں کو متناسب بنانے کیلئے پیش کی گئی تجویز پر ای سی سی نے نیپرا اور پاور ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ بجلی کے شعبہ میں سروس ڈیلیوری میں بہتری لانے، ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کے نظام میں درپیش لاسز میں کمی اور ریکوری کو زیادہ سے زیادہ یقینی بنانے کیلئے جامع منصوبہ تیار کریں۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے پاور ڈویژن کو یہ بھی ہدایت کی کہ بجلی کے نرخوں میں کسی بھی طرح کے اضافہ کیلئے پلان کی تیاری میں اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ غریب اور کم آمدنی والے صارفین پر غیر ضروری بوجھ نہ پڑے۔

اجلاس میں وزارت توانائی کی جانب سے نیپرا کے متعین کردہ ٹیرف کے نوٹیفکیشن سے متعلق پروپوزل پر غور کرنے کا معاملہ مجوزہ پلان کی تیاری تک مؤخر کر دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :