سپریم کورٹ کا دہشتگردی میں مبینہ طور پر ملوث 4 ملزمان کی سزائے موت پر عملدرآمد روکنے کا حکم

منگل 25 ستمبر 2018 23:13

سپریم کورٹ کا دہشتگردی میں مبینہ طور پر ملوث 4 ملزمان کی سزائے موت پر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2018ء) سپریم کورٹ نے دہشتگردی میں مبینہ طور پر ملوث چار ملزمان کی سزائے موت پر عملدرآمد روکنے کا حکم جاری کر دیا۔

(جاری ہے)

منگل کو جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ملزمان عمر سید، نثار علی، فضل علی اور فضل الرحمان کی جانب سے دائر اپیلوں کی ابتدائی سماعت کی اور بعدازاں تمام ملزمان کی اپیلوں کو باقاعدہ سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے وزارت دفاع اور داخلہ کو نوٹس جاری کرکے ان سے جواب طلب کرلیا۔

یاد رہے کہ چاروں ملزمان پر سوات میں سکیورٹی فورسز پر حملے کرنے کا الزام تھا۔ فوجی عدالت نے ملزمان کو سزائے موت سنائی تھی جبکہ ہائی کورٹ نے سزا بحال رکھتے ہوئے اپیلیں خارج کر دی تھیں جس پر ملزمان نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔