وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جاپانی ہم منصب تاروکونو سے ملاقات،سیاسی، معاشی، تجارتی، سرمایہ کاری، ترقیاتی اور تعلیمی شعبوں سمیت دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا گیا

بدھ 26 ستمبر 2018 02:51

اقوام متحدہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2018ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے منگل کو جاپانی ہم منصب تاروکونو سے ملاقات کی، جس میں سیاسی، معاشی، تجارتی، سرمایہ کاری، ترقیاتی اور تعلیمی شعبوں سمیت دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 73ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی۔

دونوں وزرائے خارجہ نے اعلی سطح کے دوطرفہ رابطوں کو مثبت انداز میں جاری رکھنے اور انہیں مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ امن، جمہوریت، آزادی اور قانون کی حکمرانی کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ خطہ سمیت دنیا بھر میں امن اور سلامتی کے نظریہ کو فروغ دیا جائے گا۔ دونوں رہنمائوں نے باہمی مفاد کے علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر بھی بات چیت کی۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پرامن، مستحکم اور محفوظ افغانستان کے حوالے سے پاکستان کے عزم کو دہرایا۔ وزیر خارجہ نے سی پیک کے ذریعے علاقائی رابطوں اور ترقی کیلئے پاکستان کی کوششوں سے بھی جاپانی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔ جاپان کے وزیر خارجہ نے انتہاء پسندی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام کی کوششوں اور قربانیوں کو سراہا۔ جاپان کے وزیر خارجہ کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی بریف کیا گیا۔