Live Updates

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات،دوطرفہ تعلقات کو نئے خطوط پر استوار کرنے پر اتفاق،شاہ محمود قریشی امریکی وزیر خارجہ پومپیو سے بھی ملے،پومپیو نے وزیر اعظم عمران خان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا

بدھ 26 ستمبر 2018 03:00

نیویارک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2018ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی جس میں پاک امریکہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ ملاقات امریکی صدر ٹرمپ کی طرف سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 73ویں اجلاس میں شرکت کرنے والے عالمی رہنمائوں کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ کے موقع پر ہوئی۔

پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ استقبالیہ پر صدر ٹرمپ سے ملے اور انہیں پاک امریکہ تعلقات پر گفتگو کرنے کا موقع ملا۔ انہوں نے امریکی صدر سے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان گہرے تعلقات ہیں، جن کو نئے خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر خارجہ نے بتایا کہ امریکی صدر نے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ بھی ایسا ہی چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے مزید بتایا کہ وہ استقبالیہ پر امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے بھی ملے جنہوں نے پاکستان کے لئے اچھے جذبات کا اظہار کیا۔ ایک ماہ میں ان کی امریکی وزیر خارجہ سے یہ دوسری ملاقات تھی۔ امریکہ کے اعلی سطح کے سفارتکاروں نے اسی ماہ پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ دونوں رہنماء 2 اکتوبر کو واشنگٹن میں ملاقات کریں گے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ پومپیو نے وزیراعظم عمران خان کے لئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ اپنے قائد تک میری نیک خواہشات پہنچائیں۔ شاہ محمود قریشی 29 ستمبر ہفتہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات