دُبئی :پاکستانی شہری نے دس لاکھ ڈالر کا کیش انعام جیت لیا

نعمان عارف نے پہلی بار دُبئی ڈیوٹی فری ریفل کا ٹکٹ خریدا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 26 ستمبر 2018 10:32

دُبئی :پاکستانی شہری نے دس لاکھ ڈالر کا کیش انعام جیت لیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26 ستمبر 2018ء) دُبئی میں کاروبار کے سلسلے میں مقیم پاکستانی شہری نے دُبئی ڈیوٹی فری ریفل کی حالیہ قرعہ اندازی میں دس لاکھ ڈالر کا پہلا انعام جیت لیا۔ یہ قرعہ اندازی گزشتہ رو ز دُبئی ایئرپورٹ پر ہوئی۔ 32 سالہ نعمان عارف پیشے کے اعتبار سے بزنس مین ہے جس کا تعلق ضلع پشاور سے ہے، اُس نے پہلی بار ریفل ٹکٹ خریدا تھا اور پہلی بار ہی قسمت کی دیوی اُس پر مہربان ہو گئی۔

نعمان عارف کی جانب سے سیریز 281 کے تحت خریدا گیا ٹکٹ نمبر 0241 قرعہ اندازی میں پہلے نمبر کا حقدار ٹھہرا۔ نعمان ایک بائیکل لیزنگ کمپنی کا مالک ہے۔ دُبئی ڈیوٹی فری ریفل ٹکٹ کا آغاز 1999ء میں ہوا تھا جس نے دیکھتے ہی دیکھتے امارات کے رہائشیوں میں بہت مقبولیت اختیار کر لی۔

(جاری ہے)

نعمان عارف 16ویں پاکستانی ہیں جو دس لاکھ مالیت کا پہلا کیش انعام جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

اس موقع پر اُس کا کہنا تھا کہ وہ یوں اچانک کروڑ پتی بن جانے کے زندگی بدلنے والے موقعے کی فراہمی پر دُبئی ڈیوٹی فری والوں کا بہت شکریہ ادا کرتا ہے۔ اس قرعہ اندازی کے دوران دو افراد لگژری کاریں حاصل کرنے میں بھی کامیاب ہوئے۔ 51 سالہ نائجیرین نژاد آسٹریلین انتھونی شجوکی جانب سے سیریز نمبر 1695 کے تحت خریدے گئے ٹکٹ نمبر 1237 کو میکلارن 570S سپائڈر (پیسیفک بلیو) نامی کار کا حقدار قرار دیا گیا جبکہ روزگار کے سلسلے میں دُبئی میں مقیم بنگلہ دیشی باشندے حفیظ اللہ کو سیریز نمبر 346 کے ٹکٹ نمبر 0753 کا مالک ہونے کی بنا پر قرعہ اندازی کے ذریعے بی ایم ڈبلیو آر 1200آر موٹر بائیک کا حقدار ٹھہرایا گیا۔

واضح رہے کہ دُبئی ڈیوٹی فری ریفل ٹکٹ کے خریداروں میں بھارتی شہری سرفہرست ہیں۔ اسی وجہ سے اس کی قرعہ اندازیوں میں سب سے زیادہ انعامات جیتنے والے افراد کا تعلق بھارت سے ہی ہے۔ اس کے علاوہ پاکستانی، بنگلہ دیشی، فلپائنی اور اماراتی شہری میں بھی یہ ریفل ٹکٹ بہت مقبول ہے۔