دُبئی کے شاہی خاندان کی پہلی خاتون پائلٹ کی ویڈیو وائرل ہو گئی

ویڈیو میں شیخہ موضہ المکتوم اٹلی جانے والی کمرشل فلائٹ کے کاک پٹ میں موجود ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 26 ستمبر 2018 12:10

دُبئی کے شاہی خاندان کی پہلی خاتون پائلٹ کی ویڈیو وائرل ہو گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26 ستمبر 2018ء) دُبئی کے حکمران خاندان کی پہلی خاتون پائلٹ شیخہ موضہ المکتوم کی دورانِ پرواز کاک پٹ میں بنائی گئی ویڈیو بھرپور پذیرائی حاصل کر رہی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین یہ ویڈیو دیکھ کر بہت خوشی کا اظہار کر رہے ہیں جس میں شیخہ موضہ بنت مروان بن محمد بن حشر المکتوم پائلٹ کے کپڑوں میں ملبوس ہیں اور اٹلی کو جانے والا کمرشل جہاز اُڑا رہی ہیں اس کے ساتھ ساتھ وہ مسافروں سے ایئر کرافٹ سپیکر کے ذریعے خطاب کرتی ہیں۔

یہ ویڈیو کلپ شیخہ شمسہ بن حشر المکتوم کے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی جسے ابتدائی گھنٹوں کے دوران باسٹھ ہزار سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔ صارفین کی جانب سے اس ویڈیو کو بہت سراہا جا رہا ہے اور اُنہیں امارات میں مقیم خواتین کے لیے ایک رول ماڈل قرار دیا جا رہا ہے جنہوں نے ہوا بازی کی مشکل تربیت حاصل کر کے خواتین کو بتایا ہے کہ اگر حوصلہ اور ثابت قدمی ہو تو کچھ بھی حاصل کرنا ممکن نہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ایک شخص نے اپنی پوسٹ میں کہا ’’ہم سب شیخہ موضہ کی اپنے ہوا بازی کے کیریئر کے دوران کڑی محنت اور پیش آنے والی مشکلات کا بہادری سے مقابلہ کرنے پر اُنہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔‘‘ اٹلی کو جانے والی پرواز کے کاک پٹ میں بنائی گئی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شیخہ موضہ بڑی واضح اور صاف آواز میں مائیکرو فون پر مسافروں سے مخاطب ہو کر کہتی ہیں ’’صبح بخیر خواتین و حضرات! اس وقت آپ سے فرسٹ آفیسر موضع المکتوم مخاطب ہے، اس وقت ہم 35 ہزار فٹ کی بُلندی پر پرواز کر رہے ہیں اور جلد ہی میلان ایئر پورٹ پر اُتر جائیں گے۔

‘‘ شیخہ موضہ المکتوم فیملی میں پہلی خاتون پائلٹ ہیں۔ اپریل 2016ء میں انہوں نے کمرشل پائلٹ کے لیے مطلوبہ مہارتی ٹیسٹ پاس کیا تھا۔اُنہوں نے کمرشل پائلٹ کی حیثیت سے اپنی پہلی پرواز فروری 2017ء میں اُڑائی تھی۔ انہوں نے اپنے اکاؤنٹ پر فضا سے لیے گئے اُن خوبصورت مناظر کی تصویریں بھی شیئر کی ہیں جو اُنہوں نے دورانِ پرواز مختلف مواقع پر لی تھیں۔



متعلقہ عنوان :