میر واعظ فورم کی بھارتی حکومت کی کشمیریوں کے خلاف جارحانہ اور عوام دشمن پالیسیوں پر تنقید ، بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوںکو خراج عقیدت

بدھ 26 ستمبر 2018 12:56

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم فورم نے کشمیری عوام کی دیرینہ حق و انصاف پر مبنی جدوجہد آزادی کو کمزور کرنے کیلئے بھارتی حکومت کی طرف سے اختیار کئی گئی جارحانہ اور عوام دشمن پالیسیوں پر کڑی تنقید کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی عوام کے دل و دماغ میں رچی بسی ہے اور آمرانہ طرزاور ظالمانہ ہتھکنڈوں سے حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو نہ تو کمزور کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی حریت پسند قائدین اور عوام کے حوصلوں کو توڑا جاسکتا ہے ۔

انہوںنے واضح کیاکہ مسئلہ کشمیر کے آبرومندوانہ حل سے ہی پورے خطے کا امن و استحکام جڑا ہوا ہے لہذا جس قدر جلد اس بات کو تسلیم کیا جائے خطے کی مجموعی سیاسی صورتحال میں مثبت تبدیلی آنے کے امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے سوپور کے علاقے تجر شریف میں گزشتہ روز بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے تین نوجوانوںکوزبرست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے واضح کیاکہ کشمیری شہداء کی قربانیوں کو رائیگاںنہیں جانے دیا جائے گا اور یہ قربانیاں تحریک آزادی کشمیر کا انمول اثاثہ ہیں ۔

فورم کے ترجمان نے جنوبی کشمیر کے بیشتر علاقوں خاص طور پر چرار شریف، لاسی پورہ، بڈی باغ اور نامن کاکہ پورہ پلوامہ میں بھارتی فورسز کی طرف سے تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں کی آڑ میں پکڑ دھکڑ، چھاپوںاورلوگوں کو ہراساں کرنے کے ذریعے خوف و ہراس کا ماحول پیدا کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانی حقوق کی سنگین پامالی قراردیا۔انہوںنے ڈوڈہ میں شدید بارشوںکے باعث تودے گرنے سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے رنج و غم کا بھی اظہار کیا ۔