بھارت دنیا بھر میں ٹریفک حادثات سے زیادہ ہلاکتوں کی تعداد میں سرفہرست

بدھ 26 ستمبر 2018 13:27

بھارت دنیا بھر میں ٹریفک حادثات سے زیادہ ہلاکتوں کی تعداد میں سرفہرست
نئی دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2018ء) ٹریفک حادثات میں دنیا بھر میں سالانہ سب سے زیادہ ہلاکتیں بھارت میں ہوتی ہیں، جو کم ازکم بھی ایک لاکھ 35 ہزار بنتی ہیں، غلط ڈرائیونگ اور متعلقہ ملکی قوانین میں ہم آہنگی کا فقدان ان ہلاکتوں کی بڑی وجوہات ہیں۔جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ آبادی کے لحاظ سے دنیا کے اس دوسرے سب سے بڑے ملک میں اتنی زیادہ ہلاکتیں بہت باعث تشویش ہیں، وہ بھی ایسی وجوہات کے سبب جن سے بچا جا سکتا ہے۔

دوسری طرف یہ بھی ایک تکلیف دہ حقیقت ہے کہ اگر حکمرانوں نے اس صورت حال کے تدارک کے لیے نتیجہ خیز اقدامات نہ کیے، تو ان ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھتی جائے گی۔بھارت میں آج تک پیش آنے والے بد ترین ٹریفک حادثات میں سے ایکرواںماہ میں دیکھنے میں آیا، جس میں 61 افراد ہلاک ہو گئے۔

(جاری ہے)

ان میں 10 بچے بھی شامل تھے۔اس بارے میں حیدر آباد شہر میں روڈ سیفٹی اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ٹی کرشنا پرشاد نے بتایا کہ ہمارا المیہ یہ ہے کہ بھارت میں شاہراہوں کو محفوظ بنانے کے لیے کی جانے والی کوششیں اتنی کم ہیں کہ وہ نہ ہونے کے برابر ہیں۔

کئی ماہرین کی شکایت یہ ہے کہ بھارت میں سڑکوں پر حادثات اور ان میں انسانی جانوں کے ضیاع کے حوالے سے ایک بڑی رکاوٹ یہ بھی ہے کہ ملکی شاہراہوں کے انتظام کا نظام بھی بہت پیچیدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو ٹریفک حادثات میں انسانی ہلاکتوں کی تعداد کم کرنے کے لیے فوری طور پر ایک جامع پروگرام کی ضرورت ہے۔ اگر ایسا نہ کیا گیا، تو 2025ء تک ملک میں سڑکوں پر حادثات میں انسانی اموات کی سالانہ تعداد مزید اضافے کے ساتھ ڈھائی لاکھ کی حد بھی پار کر جائے گی۔