ایشیا کپ: بنگلہ دیش کیخلاف میچ میں اہم ترین کھلاڑی کو ڈراپ کرنےکا فیصلہ

بنگلہ دیش کے خلاف محمد عامر کی جگہ جنید خان کو موقع دیا جائے گا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 26 ستمبر 2018 14:55

ایشیا کپ: بنگلہ دیش کیخلاف میچ میں اہم ترین کھلاڑی کو ڈراپ کرنےکا فیصلہ
دبئی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 ستمبر2018ء) پاکستانی ٹیم نے مسلسل خراب کارکردگی دکھانے والے فاسٹ بولر محمد عامر کو بنگلہ دیش کے خلاف اہم میچ میں ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستانی ٹیم نے ان کی جگہ پہلی بار ٹورنامنٹ میں ایک اور لیفٹ آرم پیسر جنید خان کو کھلانے کا فیصلہ کیا ہے۔چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی ٹیم کے حوصلے بڑھانے دبئی پہنچ گئے ہیں اور پریکٹس سیشن میں انضمام الحق نے کھلاڑیوں اور کپتان سرفراز احمد کے ساتھ الگ الگ سیشن میں بات چیت کی۔

ادھر بنگلہ دیش کے ہیڈ کوچ سٹیو روھوڈز نے کہا ہے کہ کھلاڑی تازہ دم ہوکر پاکستان کے میچ میں شرکت کریں گے، پاکستان کے خلاف میچ میں چیلنج کا سامنا کرنے کو تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ذہنی اور جسمانی طور پر تازہ دم رکھا جارہا ہے، پاکستان کے خلاف میچ جیت کر فائنل کھیلنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم اچھی ہے اور ہم اس کا احترام کرتے ہیں لیکن پاکستان کے خلاف ہماری جیت کے امکانات روشن ہیں۔

بنگلہ دیشی کوچ نے کہا کہ پاکستان نے کچھ عرصہ قبل ہی چیمپنز ٹرافی میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے تاہم اس ٹورنامنٹ میں اعتماد کے بغیر کھیل رہی ہے اور ہم اس کا فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں،پاکستان ٹیم میں وہ اعتماد نہیں ہے جو ہمیں چیمپئنز ٹرافی کے دوران دکھائی دیا تھا، اس کے باوجود پاکستانی ٹیم خطرناک ہے اور جو دن اس کا اچھا ہو وہ کسی بھی ٹیم کو ہراسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے چیلنج کا سامنا کرتے ہوئے بھارت کے خلاف فائنل کھیلنا چاہتے ہیں، پاکستان کے لئے چیلنج ہے ان کے پاس اچھے پیس بولر ہیں لیکن ابوظہبی کی وکٹ سپنرز کےلئے سازگار ہے۔انہوں نے کہا کہ سلو وکٹ پر فاسٹ بولروں کے لئے مدد نہیں ہے، اس پر گیند بیٹ پر اچھے طریقے سے آتی ہے۔روھوڈز نے کہا کہ میں ابھی اپنی ٹیم کے نام نہیں بتانا چاہتا لیکن ہم نے افغانستان کےخلاف میچ میں زبردست کم بیک کرکے کامیابی حاصل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ میں راشد خان اور شہزاد اچھے اسپنرز ہیں ہم نے راشد کو اچھا کھیلا ہے۔پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان35ون ڈے میچ ہوئے ہیں۔پاکستان نے31اور بنگلہ دیش نے چار میچ جیتے ہیں۔ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم بدھ کو شیخ زید اسٹیڈیم ابوظہبی میں بنگلہ دیش کے خلاف سپر فور مرحلے کا میچ کھیل کھیلے گی جس کی اہمیت سیمی فائنل جیسی ہے۔جیتنے والی ٹیم فائنل میں جمعے کو بھارت سے مقابلہ کرے گی۔