کے ڈی اے میں عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لئے شکایتی اور انکوائری کائونٹرز کو فوری طور پر فعال کیا جائے،سعید غنی

موبائل اپلیکیشن کے ذریعے عوام کو گھر بیٹھے ان کے مسائل کے حل کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں،وزیر بلدیات سندھ کی ہدایت

بدھ ستمبر 16:01

کے ڈی اے میں عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لئے شکایتی اور انکوائری کائونٹرز ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 ستمبر2018ء) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی ای) میں عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لئے شکایتی اور انکوائری کائونٹرز کو فوری طور پر فعال کیا جائے۔ موبائل اپلیکیشن کے ذریعے عوام کو گھر بیٹھے ان کے مسائل کے حل کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ ادارے کو فعال اور اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لئے ضروری ہے کہ افسران اور ملازمین اپنی ذمہ داریوںکو بھرپور انداز میں پورا کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کی صبح سیکرٹری بلدیات کے دفتر میں کے ڈی اے کے گذشتہ اجلاس کے فالواپ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری بلدیات خالد حیدر شاہ، ڈی جی کے ڈی اے سمیع صدیقی، سیکرٹری فضیل بخاری، رام چند، نوید اظہار، عطا عباس، محمد قاسم، کمال احمد، لیاقت علی سمیت کے ڈی اے کے دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات نے کے ڈی اے کی گورننگ باڈی کی تشکیل اور اس کے اجلاس کے حوالے سے سیکرٹری بلدیات اور ڈی جی کے ڈی اے کو ہدایات دیں۔

اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ اداروں میں عوامی مشکلات اور عوام کی رہنمائی کے لئے خاطر خواہ انتظامات نہ ہونے اور عوام کی ان شکایات کے ازالے کے لئے متعلقہ افسران تک رسائی نہ ہونے کے سبب جہاںدیگر مسائل جنم لے رہے ہیں وہاں اداروں کی بدنامی کا سبب بھی بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات کے زیر انتظام تمام اداروں میں معلوماتی اور شکایاتی کائونٹرز ہی اس کا واحد حل ہے۔

انہوں نے ڈی جی کے ڈی اے کو ہدایات دی کہ سوک سینٹر میں قائم کے ڈی اے کے مرکزی دفتر میں شکایاتی اور معلوماتی کائونٹرز فوری طور پر قائم کئے جائیں اور یہاں آنے والی شکایات کے فوری ازالے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے جدید طور کے پیش نظر موبائل پر ایک ایسی اپلیکیشن بنائی جائے جس سے کے ڈی اے کے حوالے سے عوام کو جس قسم کی بھی آگاہی درکار ہو وہ انہیں گھر بیٹھے دستیاب ہو اور ان کی شکایات بھی اس اپلیکیشن کے ذریعے متعلقہ افسران تک پہنچ جائے۔

سعید غنی نے سیکرٹری بلدیات سندھ کو ہدایات دی کہ وہ اس سلسلے میں مکمل مانیٹرنگ کریں اور ان شکایاتی اور معلومات کے لئے بننے والے کائونٹرز کی بھی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کے لئے بھی اقدامات کریں۔ اس موقع پر کے ڈی اے کے ڈی جی سمیع صدیقی نے صوبائی وزیر کو گذشتہ روز ہونے والے اجلاس میں ملنے والی ہدایات پر کی جانے والی کارروائیوں اور اقدامات سے انہیں آگاہ کیا اور بتایا کہ افسران اور ملازمین کے حوالے سے تمام تر تفصیلات فراہم کردی گئی ہیں جبکہ ان افسران اور ملازمین کی روزانہ اور بروقت حاضری کو یقینی بنانے کے لئے جلد ہی بائیو میٹرک سسٹم کے لئے بھی کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔

انہوں نے صوبائی وزیر سے استدعا کی کہ کے ڈی اے کی گورننگ باڈی کے اجلاس کے لئے اس میں دو ارکان سندھ اسمبلی، محکمہ خزانہ اور محکمہ ایڈمنسٹریشن کے ایک ایک افسر کی تعیناتی کے لئے وہ ہدایات دیں تاکہ گورننگ باڈی میں ان ممبران کی تعداد کو مکمل کرنے کے بعد اجلاس طلب کیا جاسکے اور کے ڈی اے کے حوالے سے درکار فیصلے کئے جاسکیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ اس سلسلے میں انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ کو دو ارکان سندھ اسمبلی کی تقرری کے لئے خط لکھ دیا ہے جبکہ دو ممبران افسران کی بھی آئندہ چند روز میں تعیناتی کردی جائے گی۔